سکیورٹی خدشات، ڈار کے بعد اکرم اور اختر بھی بھارت سے واپس
20 اکتوبر 2015بھارت میں کٹر نظریات کی حامل ہندو قوم پرست سیاسی جماعت شیو سینا کی طرف سے دھمکیوں اور ممبئی میں واقع بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے صدر دفتر پر دھاوا بول دینے کے بعد سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اس صورتحال میں سابق پاکستانی فاسٹ بولرز وسیم اکرم اور شعیب اختر ممبئی میچ کی کمنٹری ٹیم کا حصہ نہیں بنیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ دونوں جنوبی افریقہ اور بھارت کے مابین ممبئی میں کھیلے جانے والے پانچویں میچ سے قبل ہی واپس وطن لوٹ جائیں گے۔ یہ دونوں اس اسٹار اسپورٹس ٹیم کا حصہ ہیں، جو اس سیریز کی کوریج کر رہی ہے۔
وسیم اکرم کے ایجنٹ ارسلان حیدر نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں تصدیق کی ہے کہ وسیم اکرم اور شعیب اختر چنئی میچ میں کمنڑی کے بعد تئیس اکتوبر کو پاکستان واپس چلے جائیں گے۔ یوں وہ پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں کمنٹری نہیں کریں گے۔ یہ آخری میچ پچیس اکتوبر کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
قبل ازیں بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شیو سینا کے حالیہ مظاہرے کے بعد کہا تھا کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کی سیریز میں امپائرنگ کرنے والے پاکستانی امپائر علیم ڈار بھی مزید خدمات سر انجام نہیں دیں گے۔ ڈار نے پہلے تین میچوں میں امپائرنگ کی تھی جبکہ پروگرام کے مطابق انہیں باقی دونوں میچوں میں بھی امپائرنگ کرنا تھی۔
بی سی سی آئی کا رویہ مایوس کن، شہر یار خان
پاکستانی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ دسمبر میں پاکستان اور بھارت کے مابین مجوزہ دو طرفہ سیریز کے انعقاد کے امکانات معدوم ہو گئے ہیں۔ منگل کے دن بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’بھارتی کرکٹ بورڈ کے رویے پر مجھے مایوسی ہوئی ہے۔‘‘
شہریار خان پاکستان اور بھارت کے مابین دو طرفہ سیریز کی بحالی کے سلسلے میں بھارتی کرکٹ حکام سے مذاکرات کے لیے بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔
شہریار خان نے مزید کہا، ’’پاکستان اور بھارت کے مابین دو طرفہ سیریز کے حوالے سے اب مجھے کوئی امید نہیں رہی۔‘‘ ڈرامائی صورتحال پیر کو اس وقت پیدا ہوئی، جب شیو سینا کے حامیوں نے ممبئی میں بی سی سی آئی کے صدر دفتر پر حملہ کر دیا۔ شہریار خان نے اسی دفتر میں بھارتی حکام سے ملنا تھا۔ تاہم اس کارروائی کے بعد یہ میٹنگ ممبئی سے نئی دہلی منتقل کر دی گئی تھی۔
یہ امر اہم ہے کہ شیو سینا بھارتی ریاست مہاراشٹر کی حکومت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحادی پارٹی ہے۔ گزشتہ ہفتے ہی شیو سینا کے کارکنوں نے پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید محمود قصوری کی ایک کتاب کی تقریب رونمائی کو بھی سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تھی۔