پی ایس ایل فائنل: کرکٹ کے ہزاروں پرستار ٹکٹوں کے لیے خوار
1 مارچ 2017پی ایس ایل انتظامیہ نے فائنل دیکھنے والوں کےلیے 500 سے 12000 روپے تک کے ٹکٹ فروخت کے لیے جاری کیے تھے۔ تاہم بینک آف پنجاب کی 15 شاخوں پر ٹکٹوں کے حصول کےلیے دن بھر لمبی لمبی قطاریں لگی رہیں اور شدید بدنظمی اور افراتفری دیکھنے میں آئی۔
سرفراز نواز اور سعید انور انکلوژر کے 500 روپے والے سب سے سستے ٹکٹوں کی فروخت ہاتھوں ہاتھ ہو جانے کے باعث زیادہ تر افراد کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں علامہ اقبال ٹاؤن، ایجرٹن روڈ، ماڈل ٹاؤن، کینٹ اور ڈیفنس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں شائقینِ کرکٹ ٹکٹوں کی عدم دستیابی کا سبب بینک کے عملے اور پی سی بی کو قرار دیتے رہے۔ پنجاب بینک کے مین بلیوارڈ گلبرگ میں واقع مرکزی دفتر کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔
وہاں قطار میں مایوس کھڑے ایک نوجوان محمد مدنی نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، ’’ میں بہاولپور سے ٹکٹ خریدنے لاہور آیا ہوں اور اب تک بینک کی دس برانچوں سے رابطہ کر چکا ہوں لیکن دھکوں کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔ ہم میچ میں جذبہ دکھا کردہشت گردوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں لیکن پی سی بی کو عوامی جذبات کی کوئی پروا نہیں۔‘‘
وہیں موجود انجینئرنگ یونیورسٹی کے ایک طالبعلم محمد مکرم کا کہنا تھا ،’’ بینک والے کہہ رہے ہیں کہ 500 روپے والا ٹکٹ ختم ہو چکا ہے، اب 4000 ہزار روپے والا ٹکٹ مِل سکتا ہے لیکن اسکے لیے مجھے پہلے گھر والوں سے اجازت لینی پڑے گی۔‘‘
صوبہ خیبر پختونخواہ کے علاقے کرک سے محمد شاہد کو بھی پی ایس ایل کی کشش لاہور کھینچ لائی ہے تاہم سستا ٹکٹ نہ ملنے پر وہ سخت پریشان تھے۔ شاہد نے بتایا کہ وہ محنت مزدوری کرتے ہیں اور 3500 روپے لیکر لاہور آئے تھے۔ شاہد نے مزید کہا، ’’ 1000 روپے میں پہلے ہی خرچ کر چکا ہوں بینک والے ٹکٹ نہیں دے رہے اس لیے اب 500 والا ٹکٹ بلیک میں خریدنے کی کوشش کروں گا۔‘‘
بینک کے دروازے پر بھیرہ سے آئی ہوئی ایک خاتون سعدیہ بی بی نے دھرنا دے رکھا تھا۔ ڈی ڈبلیو کے استفسار پر سعدیہ نے بتایا کہ وہ اپنے 13 سالہ بیٹے طحٰہ حسین کی ضد سے مجبور ہو کر ٹکٹ خریدنے لاہور آئی ہیں۔ انہوں نے کہا ،’’ میں خود بھی کرکٹ کی شوقین ہوں اور ہم نے کل رات بھیرہ میں پی ایس ایل کا پہلا پلے آف میچ گھر پر دیکھا جس میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی شاہد آفریدی کی ٹیم کو ہارتا دیکھ کر طحٰہ زارو قطار روتا رہا۔ اب میں اسے ٹکٹ دلانے کی شرط پر بہلا پھسلا کر لمبا سفر کرکے لاہور آئی ہوں اور ٹکٹ حاصل کیے بغیر واپس نہیں جا سکتی۔‘‘
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 27،000 ہزار تماشائی سما سکتے ہیں لیکن معلوم ہوا کہ پی سی بی نے فروخت کے لیے نصف سے بھی کم ٹکٹ دیے ہیں۔ اسٹیڈیم کے چار انکلوژر حکومتِ پنجاب اور ایک سیکورٹی ادارے کے لیے مختص کر دیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ ٹکٹ پی ایس ایل کی پانچوں فرنچائز ٹیموں اور اسپانسرز کو بھجوائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب آج بروز بدھ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں فوج اور پولیس نے سراغ رساں کتوں کی مدد سے سرچ آپریشن کیا۔ اسٹیڈیم جانیوالے چاروں راستے دن بھر بند رہے اور صحافیوں کو بھی داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سہ پہر کو ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل اظہر نوید نے اسٹیڈیم کی نواحی آبادیوں کا خود دورہ کیا۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے مطابق میچ کے دن تماشائیوں کی سہولت کےلیے شٹل سروس چلائی جائے گی۔
فائنل کے لئے کوالیفائی کرنےوالی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم جمعرات کی صبح دبئی سے کراچی پہنچ رہی ہے۔ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور اور ویسٹ انڈیز کے سابق شہرہ آفاق کرکٹر ویوین رچرڈ بھی ٹیم کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں۔ بتایا گیا ہے وزیر اعظم میاں نواز شریف بھی پی ایس ایل کا فائنل دیکھنے قذافی اسٹیڈیم آئیں گے۔