یورو کپ 2012 کوالیفائینگ میچ، جرمنی نے قزاقستان کوپچھاڑ دیا
27 مارچ 2011اس میچ کی خاص بات جرمن کھلاڑی کلوزے کے دو گول تھے۔ اس میچ کے بعد یورو کپ 2012 ء میں کوالیفائی کرنے کے لیے جرمن ٹیم کا راستہ خاصہ آسان ہو گیا ہے۔ اس فتح کے بعد جرمن ٹیم گروپ اے میں اب تک ناقابل شکست ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ اس گروپ میں جرمنی اور قزاقستان کے علاوہ بیلجیئم، ترکی اور آسٹریا کی ٹیمیں شامل ہیں۔ اس گروپ میں قزاقستان اب تک صفر پوائنٹس کے ساتھ سب سے نیچے ہے۔
میچ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں جرمن کھلاڑی کلوزے نے کہا، ’ہم جانتے تھے کہ قازقستان اتنی مضبوط ٹیم ثابت نہیں ہوگی لیکن ہم نے اس کے باوجود اپنا دفاع موثر رکھا۔‘
واضح رہے کہ جرمن ٹیم کی طرف سے کلوزے نے اس میچ کا پہلا گول کھیل کے آغاز کے صرف تین منٹ بعد ہی کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تھی۔ اس گول کے بعد جرمن ٹیم نے پہلے ہاف کے تقریبا نصف وقت تک گول کے مزید کئی مواقع ضائع کیے تاہم کھیل کے 25 ویں منٹ میں جرمنی کی طرف سے ایک اور گول کر دیا گیا۔ پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل جرمن کھلاڑی تھوماس میولر نے اپنی ٹیم کی طرف سے تیسرا گول کر کے کھیل پر جرمنی کی گرفت کو مضبوط بنا دیا۔
کھیل کے دوسرے ہاف میں جرمن ٹیم نے بال پر گرفت مضبوط رکھی تاہم وہ بال کو گول میں پھینکنے میں کامیاب نہ ہو پائی۔ جرمن شہر کائزرزلاؤٹرن کے فرِٹس والٹر اسٹیڈیم میں کھیلے گیے اس میچ کے اختتام سے چند لمحے پہلے جرمن کھلاڑی کلوزے نے اپنی ٹیم کی طرف سے چوتھا گول کر کے جرمنی کی فتح کو یقینی بنا دیا۔
دوسرے ہاف میں قزاقستان کی ٹیم کوئی خاص موو نہ بنا سکی تاہم اس کی طرف سے دو مرتبہ جرمن گول پر حملے کیے گئے، جنہیں گول کیپر Manuel Neuer نے چابکدستی سے ناکام بنا دیا۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: امتیاز احمد