1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ، یونس خان کی تاریخ ساز سنچری

عصمت جبیں22 اکتوبر 2014

آسٹریلیا کے خلاف بدھ 22 اکتوبر کو شروع ہونے والی سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں چار وکٹوں پر 219 رنز بنائے تھے، جن میں یونس خان کے 106 رنز بھی شامل تھے۔

https://p.dw.com/p/1DZwW
تصویر: Tariq Saeed

دو میچوں کی سیریز کے دبئی میں کھیلے جانے والے اس پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب مجموعی اسکور صرف ایک تھا اور اس ٹیسٹ میچ کا ابھی پہلا اوور بھی پورا نہیں ہوا تھا۔ اوپنر محمد حفیظ آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے۔ وہ کوئی رن نہ بنا سکے۔

دوسری وکٹ محض چھ رنز بعد اس وقت گری جب مجموعی اسکور صرف سات تھا۔ تب دوسرے اوپنر احمد شہزاد میچ کے چوتھے اوور میں تین رنز بنا کر واپس پویلین چلے گئے۔ اس کے بعد اظہر علی اور یونس خان کی شاندار پارٹنرشپ میں پاکستانی ٹیم نے 108 رنز بنائے۔ اظہر علی 53 کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہیں جانسن کی گیند پر ڈولن نے کیچ آؤٹ کیا۔

Younis Khan Cricketspieler
یونس خان نے اپنی سنچری 99 کے اسکور پر آف اسپنر نیتھن لیون کی ایک گیند پر چھکا لگا کر مکمل کیتصویر: AP

پاکستان کی چوتھی وکٹ 198 کے مجموعی اسکور پر گری جب 81 ویں اوور میں یونس خان 106 رنز کے ذاتی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ انہیں جانسن نے ایل بی ڈبلیو کیا۔

پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستانی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 90 اوورز میں 219 رنز بنائے تھے اور اس وقت کپتان مصباح الحق 34 اور اسد شفیق نو رنز پر کھیل رہے تھے۔ آسٹریلیا نے پہلے دن کے کھیل میں 14 اضافی رنز دیے۔

آسٹریلیا کی طرف سے جانسن نے 20 اوورز میں صرف 22 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلوی بولر سڈل نے 17 اوورز میں 27 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ کوئی بھی دوسرا آسٹریلوی بولر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکا۔

یونس خان نے اپنی سنچری 99 کے اسکور پر آف اسپنر نیتھن لیون کی ایک گیند پر چھکا لگا کر مکمل کی۔ اس طرح انہوں نے پاکستان کی طرف سے ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا انضمام الحق کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا۔ یہ دونوں کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ میں 25، 25 سنچریاں بنا چکے ہیں۔ انضمام الحق نے اپنی 25 سنچریاں 120 ٹیسٹ میچوں میں بنائی تھیں جبکہ یونس خان نے یہ سنگ میل 92 ٹیسٹ میچوں میں عبور کر لیا۔

آج اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 25 ویں سنچری کے ساتھ یونس خان پاکستان کے ایسے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی تمام ٹیموں کے خلاف سنچری بنائی ہے۔ عالمی سطح پر وہ ایسا کرنے والے 12 ویں کھلاڑی ہیں۔

اس میچ میں پاکستان کی طرف سے عمران خان اور یاسر شاہ جبکہ آسٹریلیا کی طرف سے مارش اور اوکیف اپنے اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ابو ظہبی میں 30 اکتوبر سے شروع ہو گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید