افغان طالبان کابل حکومت کے ساتھ امن مذاکرات میں شامل ہوں، گیلانی
24 فروری 2012پاکستانی وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ وہ ’خلوص نیت سے امید‘ کرتے ہیں کہ طالبان اور دیگر گروپ ان کی اس اپیل کا جواب دیں گے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق افغان طالبان کے ساتھ اپنے دیرینہ روابط کی وجہ سے پاکستان کے کردار کو انہیں مذاکرات کی میز پر لا بٹھانے میں کافی اہم خیال کیا جاتا ہے۔
افغان اور امریکی حکام کافی عرصے سے پاکستان پر الزام لگاتے آئے ہیں کہ وہ افغانستان میں عسکریت پسند گروپوں کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے تا کہ اپنے دیرینہ حریف بھارت کے اثر و رسوخ کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اسلام آباد ان الزامات سے انکار کرتا آیا ہے۔
گیلانی نے کہا کہ پاکستان افغان مصالحتی عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ’ہر ممکن مدد دینے کے لیے تیار ہے‘۔
گیلانی کے خیالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان اب افغان عسکریت پسندوں کو امن کی راہ اپنانے پر قائل کرنے کی کوشش کے لیے زیادہ آمادہ ہو سکتا ہے۔ یہ بات اس تناظر میں بھی اہم ہے کہ امریکہ 2014ء کے اختتام تک افغانستان سے غیر ملکی جنگجو فوجیوں کے انخلاء سے قبل وہاں کی صورت حال کو مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔
منگل کو قندھار امن کونسل کے سربراہ عطا محمد احمدی نے روئٹرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ افغان حکام پاکستان کے شہر کوئٹہ میں موجود درمیانے درجے کے افغان طالبان رہنماؤں سے مذاکرات کر رہے ہیں۔ خیال ہے کہ طالبان کی قیادت کوئٹہ میں مقیم ہے۔
روئٹرز کے مطابق یہ بات ناقابل یقین ہے کہ افغان حکام اور طالبان کمانڈروں کے درمیان کوئٹہ میں ہونے والی ملاقاتوں کا پاکستان کی خفیہ ایجنسیوں کو علم نہ ہو۔
پاکستان شاید افغان حکومت کو کوئٹہ میں عسکریت پسندوں سے ملاقاتوں کی اجازت دے کر اس تعاون میں اضافہ کر رہا ہے۔
افغانستان کافی عرصے سے کوئٹہ شورٰی سے تعلق رکھنے والے طالبان رہنماؤں تک رسائی کی کوششیں کر رہا تھا۔ کابل کا خیال ہے کہ افغانستان میں گیارہ سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کسی بھی قسم کے نتیجہ خیز امن مذاکرات میں مبینہ طور پرکوئٹہ میں مقیم رہنما فیصلہ ساز ثابت ہو سکتے ہیں۔
پاکستان اس بات سے مستقل انکار کرتا رہا ہے کہ وہ طالبان عسکریت پسندوں کو پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے اور اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوئٹہ میں طالبان کا کوئی رہنما موجود نہیں ہیں۔
گزشتہ برس ستمبر میں افغان اعلیٰ امن کونسل کے سربراہ اور سابق صدر برہان الدین ربانی کے قتل کے بعد پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کئی ماہ تک کشیدگی کے شکار رہے۔ افغان حکام نے اس قتل کی سازش کا الزام پاکستان کی خفیہ ایجنسی پر عائد کیا تھا جس کی اسلام آباد نے سختی سے تردید کی ہے۔
رپورٹ: حماد کیانی / خبر رساں ادارے
ادارت: عاطف توقیر