1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

العبادی کی نامزدگی غیردستوری ہے: المالکی

عابد حسین12 اگست 2014

امریکی صدرباراک اوباما نے عراق میں نئے نامزد وزیراعظم حیدرالعبادی کی نامزدگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اِسے مثبت قدم قرار دیا۔ دوسری جانب نوری المالکی نے اِس نامزدگی کو دستور کے منافی قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CsjV
نامزد وزیراعظم حیدرالعبادیتصویر: picture-alliance/dpa

عراق میں حیدر العبادی کی بطور وزیراعظم نامزدگی کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکی صدر باراک اوباما نے اس کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ اوباما نے اِس ضرورت پر زور دیا کہ عراق میں جلد ہی تمام سیاسی طبقوں کی نمائندہ حکومت کو تشکیل دیا جائے تاکہ عراقی عوام کی ضرورتیں پوری کی جا سکیں۔ اوباما نے اسلامک اسٹیٹ کے جہادیوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی حملوں کی بھی تصدیق کی۔ اوباما نے اپنے بیان میں سیاسی مشکلات کا سامنا کرنے والے وزیراعظم نوری المالکی کا براہ راست کوئی حوالہ نہیں دیا۔

العبادی کی نامزدگی پر اوباما کا کہنا تھا کہ عراق کی نئی قیادت کے سامنے اپنی عوام کے اعتماد کو حاصل کرنے کا مشکل مرحلہ ہے اور اِس کے حصول سے ہی معاملات آگے بڑھیں گے۔ امریکی صدر اور نائب صدر جو بائیڈن نے بھی نامزد عراقی وزیراعظم حیدر العِبادی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں نامزدگی یر مبارک باد بھی دی۔ امریکی لیڈروں نے تمام عراقی سیاستدان کو مشورہ دیا کہ وہ باہمی ربط و مشاورت سے مشکل ایام سے باہر نکلنے کی کوشش کریں۔

اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے بھی حیدرالعبادی کی نامزدگی کا خیر مقدم کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں العِبادی کو حکومت سازی کی دی گئی دعوت کو عراقی سیاسی عمل میں ایک سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔ فرانسیسی صدر کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ ترک وزیر اعظم کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران رجب طیب ایردوآن اور فرانسوا اولانڈ نے اِس توقع کا اظہار کیا کہ عراق میں العبادی یونٹی حکومت قائم کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ فرانسیسی اور ترک لیڈروں نے عراقی صدر کے فیصلے کی حمایت بھی کی۔

دوسری جانب وزارت عظمیٰ کے منصب پر مزید عرصہ گزارنے کی خواہش رکھنے والے نوری المالکی نے اپنی تقریر میں کہا کہ العبادی کی نامزدگی سیاسی صورت حال کو تبدیل کرنے سے قاصر رہے گی اور وہ اپنی وزارت عظمیٰ کے منصب کے حصول کی کوششوں کو جاری رکھیں گے۔ المالکی نے اِس نامزدگی کو مسترد کرتے ہوئے اِسے دستور کے منافی قرار دیا۔ نوری المالکی کے شیعہ سیاسی اتحاد دولۃ القانون (State of Law) کے اراکینِ پارلیمنٹ کی اکثریت نے پیر کے روز حیدر العِبادی کو وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ عراقی صدر فواد معصوم نے العبادی کو نامزد کر کے ملک کی سب سے اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے کے منافی عمل کیا ہے۔ عراقی سپریم کورٹ نے نوری المالکی کی حمایت میں ایک طرح سے فیصلہ دیا تھا کہ وہ دولۃ القانون بلاک کے لیڈر ہیں اور وہ حکومت سازی کا حق رکھتے ہیں۔ نامزد وزیراعظم العبادی کا بھی تعلق بھی المالکی کی دعویٰ پارٹی سے ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں