1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انڈونیشی جزیرے لومبوک پر شدید زلزلہ، قریب ڈیڑھ سو افراد ہلاک

6 اگست 2018

مشہور انڈونیشی سیاحتی جزیرے لومبوک پر آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں قریب ڈیڑھ سو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس زلزلے نے لومبوک کے قریب ہی واقع غیر ملکی سیاحوں میں مشہور ایک اور انڈونیشی جزیرے بالی کو بھی ہلا کر رکھ دیا۔

https://p.dw.com/p/32fAN
تصویر: Reuters/Antara Foto/A. Subaidi

لومبوک کے قریب ہی واقع صوبائی دارالحکومت ماتارام سے پیر چھ اگست کو ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق یہ زلزلہ مقامی وقت کے مطابق اتوار پانچ اگست کی شام آیا اور ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت سات ریکارڈ کی گئی۔ حکام نے اس زلزلے کے نتیجے میں عالمی وقت کے مطابق پیر کی صبح تک کم از کم 142 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی تھی۔ کئی متاثرہ علاقوں تک امدادی کارکن زلزلے کے 16 گھنٹے سے زائد عرصے بعد تک بھی نہیں پہنچ سکے تھے۔

خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کم از کم 142 اور چند دیگر رپورٹوں کے مطابق قریب 150 تک شہری ہلاکتوں کی یہ محض ابتدائی تعداد ہے اور مرنے والوں کی اس تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ انڈونیشیا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کے ترجمان سُوتوپو  نُوگروہو نے صحافیوں کو بتایا کہ اس زلزلے نے لومبوک جزیرے کے شمالی حصے کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا اور امدادی کارکن بہت سے متاثرہ علاقوں تک پیر کی صبح تک بھی نہیں پہنچ سکے تھے۔

اس کے علاوہ زلزلے سے لومبوک میں بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور ٹوٹ جانے والے بہت سے پلوں، بجلی کی ترسیل کے نظام کو پہنچنے والے نقصان اور بہت سی سڑکیں تباہ ہو جانے کے باعث امدادی کارکنوں کی کئی تباہ شدہ علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

Indonesien nach dem Erdbeben in Lombok zertörte Häuser
تصویر: Reuters/Antara Foto/A. Subaidi

سُوتوپو نُوگروہو نے ماتارام میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ اس زلزلے کے نتیجے میں 20 ہزار سے زائد  افراد بے گھر ہو گئے ہیں اور قریب 150 افراد کی ہلاکت کے علاوہ زخمیوں کی تعداد بھی 200 سے زائد بنتی ہے۔ اس کے علاوہ اس زلزلے نے ہزاروں گھروں اور عمارات کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔

انڈونیشی حکام نے اس زلزلے کی طاقت ریکٹر اسکیل پر سات ریکارڈ کی جبکہ امریکی محکمہ ارضیات کے مطابق زلزلے کے ان جھٹکوں کی شدت 6.9 تھی، جو اس علاقے کے ارضیاتی خواص کو دیکھتے ہوئے ایک طاقت ور زلزلہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس زلزلے کا مرکز لومبوک کے شمالی حصے میں زمین سے صرف 10.5 کلومیٹر یا چھ میل کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔

اس جزیرے پر زلزلے کے ان طاقت ور جھٹکوں کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی تھی، جس کے بعد ہزاروں کی تعداد میں عام شہری اور غیر ملکی سیاح خوف کے عالم میں اپنے گھروں اور ہوٹلوں سے باہر نکل آئے تھے۔ تاہم اس زلزلے کے بعد سمندر میں پیدا ہونے والی سونامی لہریں بہت اونچی نہیں تھیں، جس کے بعد حکام نے یہ وارننگ واپس لے لی۔ ہزارہا مقامی باشندوں اور سیاحوں نے گزشتہ رات کھلے آسمان کے نیچے گزاری۔

م م / ع ا / اے پی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید