اولین ترجیح یوکرینی بحران کا خاتمہ ہو گا، ڈونلڈ ٹرمپ
11 دسمبر 2024فرانسیسی دارالحکومت پیرس سے بدھ 11 دسمبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق ریپبلکن سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ نے، جو جنوری میں دوسری مرتبہ امریکی صدر کے عہدے پر فائز ہوں گے، فرانسیسی جریدے 'پیرس میچ‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا، ''میرا خیال ہے کہ ہمیں یوکرین کا مسئلہ روس کے ساتھ حل کرنا ہو گا۔‘‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ انٹرویو پیرس میں اپنی موجودگی کے دوران گزشتہ ہفتے کے روز دیا تھا، جو آج بدھ 11 دسمبر کو 'پیرس میچ‘ کے تازہ ترین شمارے میں شائع ہوا۔
یوکرینی بحران بمقابلہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال
اس سوال کے جواب میں کہ دوسری مرتبہ صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد بین الاقوامی سیاست میں ان کی اولین ترجیح کیا ہو گی، آئندہ امریکی صدر نے فرانسیسی جریدے کو بتایا، ''دونوں ہی ممالک اتنی بڑی تعداد میں جانی نقصانات اٹھا رہے ہیں کہ کسی کو بھی یقین نہیں آتا۔ لاکھوں فوجی مارے جا رہے ہیں۔‘‘
چین یوکرین کے خلاف روسی جنگ کی مخالفت کرے، جرمنی کا مطالبہ
اسی سوال کے جواب میں اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا، ''ظاہر ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال بھی ایک بڑی ترجیح ہے۔ لیکن میری رائے میں مشرق وسطیٰ کی صورت حال روس اور یوکرین کے بحران کے مقابلے میں کم مشکل ہے۔‘‘
ساتھ ہی نو منتخب امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا، ''یہ دونوں ہی بحران ایسے ہیں کہ ہمیں ان کو بہت جلد حل کرنا ہے۔ اس لیے کہ بہت زیادہ انسان مارے جا رہے ہیں۔‘‘
یوکرینی صدر سے 'بہت اچھی‘ ملاقات
اس انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی پیرس کے تاریخی نوٹرے ڈیم کیتھیڈرل کے بحالی کے بعد دوبارہ کھولے جانے کی تقریب میں شرکت کے موقع پر یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے گزشتہ ہفتے کے روز جو ملاقات ہوئی تھی، ''وہ بہت اچھی ملاقات تھی۔‘‘
نیٹو کے بتیس رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس: یوکرین نیٹو کی رکنیت کے لیے کوشاں
جنگ میں تینتالیس ہزار یوکرینی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں، زیلنسکی
اسی ملاقات کے بارے میں یوکرینی صدر زیلنسکی نے کل منگل کے روز کہا تھا کہ وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے شکر گزار ہیں کہ وہ یوکرین کی جنگ ختم کرانے کا ''پختہ عزم‘‘ کیے ہوئے ہیں۔
غیر محفوظ سرحدیں اور دہشت گردی: یورپی شہری خوف کا شکار
روسی یوکرینی جنگ ہی کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس سے واپس امریکہ پہنچنے کے بعد اتوار کے روز اپنے 'ٹروتھ سوشل‘ پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ روس اور یوکرین کے مابین ''فوری فائر بندی ہونا چاہیے اور مذاکرات فی الفور شروع کیے جانا چاہییں۔‘‘
م م / ک م (اے ایف پی، اے پی)