بائرن میونخ، بنڈس لیگا کے موسم خزاں کی چیمپئن
18 دسمبر 2011بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے سترہویں میچ ڈے کے پہلے دن میونخ نے کولون کی ٹیم کو صفر تین سے شکست دے کر موسم خزاں کے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس کے مجموعی پوائنٹس 37 بنتے ہیں۔
ہفتہ کو کھیلے گئے ایک میچ میں ڈورٹمنڈ نے فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا اور سترہویں میچ ڈے کے اختتام پر بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ اسی طرح شالکے نے بریمن کو پانچ صفر سے مات دی۔ ان دونوں ٹیمیوں کے پوائنٹس چونتیس چونتیس ہیں لیکن اچھی گول اوسط پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ دوسرے نمبر پر ہے۔
شالکے اور بریمن کے مابین کھیلے گئے میچ کی اہم بات ہسپانوی اسٹار کھلاڑی راؤل کی ہیٹ ٹرک رہی۔ انہوں نے شالکے کو یہ میچ ایک بڑے مارجن سے جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میچ کے بعد شالکے کے چونتیس سالہ اسٹرائیکر راؤل نے کہا کہ وہ اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
ہفتہ کے دن کھیلے گئے ایک اور میچ میں نیورمبرگ کی ٹیم نے لیورکوزن کو صفر تین سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔ اس میچ میں لیور کوزن کی ٹیم بے بس نظر آئی جبکہ نیورمبرگ کے کھلاڑیوں نے انتہائی عمدہ کھیل پیش کیا۔
بنڈس لیگا کے سترہویں میچ ڈے کے دوسرے دن کھیلے گئے میچوں میں ہیمبرگ اور آؤگسبرگ کا میچ ایک ایک سے برابر رہا جبکہ برلن نے ہوفن ہائم کے خلاف کھیلتے ہوئے یہ میچ بھی ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ اسی دن وولفسبرگ کی ٹیم نے اشٹٹ گارٹ کو صفر ایک سے مات دے دی۔
آج اتوار کو کائزرزلاؤٹرن اور ہینوور کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جبکہ مؤنش گلاڈ باخ کی ٹیم مائنز سے کھیلے گی۔ سترہویں میچ ڈے کے بعد ونٹر بریک ہو جائے گا۔ بنڈس لیگا کا دوسرا مرحلہ آئندہ برس بیس جنوری بروز جمعہ کو شروع گا۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: امتیاز احمد