بنڈس لیگا: مؤنشن گلاڈ باخ سرفہرست مقام نہ پا سکی
11 دسمبر 2011آؤگس برگ کی ٹیم نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر مؤنشن گلاڈ باخ کو شکست دی۔ فاتح ٹیم کے لیے یان اِنگ وِر نے کھیل کے 51 ویں منٹ میں گول کیا۔ یان اِنگ وِر آؤگس برگ میں شمولیت سے قبل مؤنشن گلاڈ باخ کے لیے کھیلا کرتے تھے۔ ان کے گول کے نتیجے میں مؤنشن گلاڈ باخ کو رواں سیزن میں چھ مقابلوں کے بعد پہلی مرتبہ شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
مؤنشن گلاڈ باخ کو اپنے اسٹار کھلاڑی مارکو ریوس کی کمی شدت سے محسوس ہوئی، جو پیر کو چوٹ کے سبب جمعے کو کھیلے گئے میچ میں شریک نہیں ہو سکے۔ فاتح ٹیم آؤگس بیرگ کے کوچ یوش لوحوکے کے بقول ان کے کھلاڑیوں نے کسی بھی لمحے مؤنشن گلاڈ باخ کے خلاف دفاعی کھیل اپنانے کی کوشش نہیں اور اسی حکمت عملی نے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ شکست خوردہ ٹیم کے کوچ مارٹن سٹرانسل کا میچ کے بعد کہنا تھا کہ انہوں نے آؤگس برگ کی ٹیم کو آسان حریف خیال نہیں کیا تھا مگر پھر بھی مقابلے کے دوران اُن کے کھلاڑیوں نے بہت سے غلطیاں کیں، جو شکست کا سبب بنیں۔
جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ کے رواں سیزن میں بائرن میونخ 31 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔ اگرچہ شالکے کی ٹیم کے بھی اتنے ہی پوائنٹس ہیں مگر بائرن میونخ کی گول اوسط قدرے بہتر ہے۔ سولہویں میچ ڈے کے سلسلے میں شالکے اپنا میچ جیت چکی ہے جبکہ بائرن میونخ کی ٹیم اتوار کو اشٹٹ گارٹ کا مقابلہ کرے گی۔ اتوار کو سولہویں میچ ڈے کے آخری دن کا دوسرا میچ دفاعی چیمپیئن بورسیا ڈورٹمنڈ اور کائزرز لاؤٹرن کے مابین کھیلا جائے گا۔
لیگ ٹیبل پر دفاعی چیمپیئن بورسیا ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ 30، 30 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔ مؤنشن گلاڈ باخ کا گول اوسط بورسیا ڈورٹمنڈ سے قدرے بہتر ہے۔
رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: امجد علی