برٹش گراں پری، الانسو کے نام
10 جولائی 2011نوجوان جرمن ڈرائیور اور موجودہ عالمی چیمپئن سباستیان فیٹل دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ہسپانوی ڈرائیور الانسو کی رواں سیزن میں یہ پہلی کامیابی ہے۔ الانسو کی یہ جیت اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ آج سے ٹھیک ساٹھ برس قبل فیراری ٹیم نے فارمولا ون میں اسی مقام پر پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
الانسو نے اس ریس میں کامیابی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کچھ یوں کیا،’ ٹھیک ساٹھ برس بعد اسی مقام پر اور اسی جذبے کے ساتھ اور اسی سرکٹ پر ایک مرتبہ پھر جیت جانا، میرے لیے فخر کی بات ہے۔ اس جیت نے مجھے ایک خصوصی خوشی مہیا کی ہے‘۔
اس ریس میں دوسرے نمبر پر آنے والے موجودہ عالمی چیمپئن سباستیان فیٹل کی گاڑی کو تکنیکی مسئلے نے آن گھیرا تھا۔ اگرچہ وہ سب سے آگے تھے تاہم اپنی گاڑی کے وہیل میں ایک پیچ کی خرابی کی وجہ سے انہیں رکنا پڑا۔ لیکن اس دوران الانسو نے پھرتی دکھائی اور وہ فیٹل کی نظروں سے اوجھل ہوتے ہوئے، ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ رواں سیزن میں کل نو ریسیں ہو چکیں ہیں ، جن میں سے فیٹل نے چھ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس ریس میں ناکامی کے باجود بھی ابھی تک جرمن ڈرائیور اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں کامیاب ہیں۔
ریس کے بعد فیٹل نے کہا،’ ہمیں یہ قبول کرنا پڑے گا کہ آج فیراری نے ہمیں شکست دے دی ہے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ ہمیں مزید محنت کرنا ہو گی تاکہ باقی ماندوں مقابلوں میں ہم اچھی کارکردگی دکھا سکیں‘۔
اس دوڑ میں پول پوزیشن سے حصہ لینے والے ریڈ بل ٹیم کے ڈرائیور مارک ویبر تیسرے نمبر پر رہے جبکہ برطانوی ڈرائیور لوئیس ہیملٹن چوتھی پوزیشن پر براجمان ہونے میں کامیاب ہوئے۔ پانچویں نمبر پر فلپے ماسے آئے اور چھٹی پوزیشن جرمن ڈرائیور نکو روز بیرگ کے حصے میں آئی۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عصمت جبیں