1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: بائرن میونخ، موسم خزاں کی چیمپئن

19 دسمبر 2011

بنڈس لیگا کے سترہ میچ ڈے مکمل ہونے کے بعد موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اب تقریباً ایک ماہ کے بعد دوسرے حصے کا آغاز کیا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/13VGh
بائرن میونخ کے فٹ بالرتصویر: dapd

بنڈس لیگا کے پہلے حصے کو ریکارڈ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ نے مسلسل اپنے اثر میں رکھا۔ سترہ میچ ڈے کی تکمیل پر شروع ہونے والی تعطیلات کے موقع پر بائرن میونخ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر ہے۔ اسی باعث جرمن روایت کے مطابق تعطیلات پر پہلی پوزیشن کی حامل ٹیم موسم خزاں کی چیمپئن کہلاتی ہے۔ بائرن میونخ نے سترہویں میچ ڈے کے سلسلے میں ہونے والے ایک مقابلے میں کولون کی ٹیم کو تین گول سے ہرایا۔ میونخ کی پوائنٹس کی تعداد 37 ہے۔

دوسری پوزیشن پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی ٹیم ہے اور اس کے پوائنٹس کی تعداد 34 ہے۔ چونتیس پوائنٹس کے ساتھ شالکے کلب تیسرے مقام پر ہے اور اس کی وجہ گول اوسط ہے، جو ڈورٹمنڈ کی بہتر ہے۔ نچلی تین پوزیشنوں میں فرائی برگ، آوگُس برگ اور کائززلاؤٹرن کی ٹیمیں ہیں۔ اگر یہ ٹیمیں اسی مقام پر رہی ہیں تو بنڈس لیگا کے اختتام پر یہ درجہ دوم میں دھکیل دی جائیں گی اور درجہ دوم کی ٹاپ تین ٹیمیں قومی چیمپئن شپ کھیلنے کا اعزاز حاصل کریں گی۔

Fußball 1. Bundesliga 17. Spieltag Borussia Mönchengladbach FSV Mainz 05
بنڈس لیگا میں سترہویں میچ ڈے کی تکمیل کے بعد اب تعطیلات ہو چکی ہیںتصویر: picture alliance/dpa

جرمن قومی فٹبال لیگ بنڈس لیگا میں اتوار کے روز ہینوور اور کائزرزلاؤٹرن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ ایک اور میچ میں مؤنشن گلاڈباخ نے مائنز کو صفرکے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے دی۔

دوسری جانب ہیرتھا برلن کے کوچ مارکوس بابیل کو ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کے معاہدے کے خاتمے میں ابھی چھ ماہ باقی تھے، تاہم کوچ اور کلب کے مالکان کے درمیان تنازعہ بابیل کی نوکری کے خاتمے کا باعث بنا۔

کرسمس اور نئے سال کے موقع پر ہونے والی ان ایک ماہ کی تعطیلات کے بعد فٹ بال کی جرمن قومی چیمپئن شپ، بنڈس لیگا کے دوسرے حصے کی شروعات بیس جنوری سے ہوں گی۔ اٹھارہویں میچ ڈے کا پہلا میچ موسم خزاں کی چیمپئن بائرن میونخ اور پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن کی حامل ٹیم مؤنشن گلاڈ باخ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ میچ دوسرے حصے میں ٹرینڈ سیٹ کرنے میں اہم ہو سکتا ہے۔

رپورٹ: عابد حسین

ادارت: عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں