1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، بائرن میونخ نمبر ایک پر آ گئی

4 دسمبر 2011

بنڈس لیگا کے پندرہویں میچ ڈے کے دوسرے دن ایک اہم میچ میں بائرن میونخ نے ویردر بریمن کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/13MDV
میونخ کے فلپ لاہم، بائیںتصویر: dapd

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے پندرہویں میچ ڈے کے دوران ہفتہ کے دن کھیلے گئے اس اہم میچ میں میونخ کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور ویردر بریمن کے کھلاڑیوں کو خاص کھیل پیش کرنے کا کوئی موقع نہ دیا۔

اس میچ میں کامیابی کے ساتھ میونخ کے مجموعی پوائنٹس اب31 ہوگئے ہیں اور یوں اس نے لیگ ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ویردر بریمن کے پوائنٹس پچیس ہیں اور اس کی اس وقت چوتھی پوزیشن ہے۔

اس میچ کے بعد بریمن کے کوچ تھوماس شاف نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم اچھا نہ کھیل سکی اور اس لیے اسے ہارنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ میونخ جیسی اعلٰی ٹیم کے ساتھ کھیلتے ہوئے خود اعتمادی ضروری ہوتی ہے، جو اس مخصوص میچ کے دوران بریمن کے کھلاڑیوں میں نظر نہ آئی۔

Fußball Bundesliga VfL Borussia Mönchengladbach - BvB Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے مابین کھیلے گئے میچ کا ایک منظرتصویر: dapd

بنڈس لیگا کے سلسلے میں ہفتہ کے دن مجموعی طور پر چھ میچ کھیلے گئے۔ ایک اہم میچ میں دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ ان دونوں کے پاس ہی موقع تھا کہ وہ یہ میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آجائیں تاہم یہ میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا اور یوں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ہی مل سکا۔

ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ کے اگرچہ پوائنٹس برابر ہیں لیکن اچھی گول اوسط کی بنیاد پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم دوسرا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ ان دونوں ٹیموں نے بھی اپنے پندرہ پندرہ میچ کھیل لیے ہیں اور دونوں کے تیس تیس پوائنٹس ہیں۔

بنڈس لیگا کے پندرہویں میچ ڈے کے دوسرے دن یعنی ہفتہ کو اشٹٹ گارٹ اور کولون کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ وولفسبرگ اور مائنز کے مابین منعقد کیا گیا میچ بھی دو دو گول سے برابر ہوا۔ فرائی برگ اور ہینوور کا میچ ایک ایک گول سے بے نتیجہ رہا جبکہ برلن اور کائزرز لاؤٹرن کا میچ بھی ایک ایک گول سے برابر رہا۔

بنڈس لیگا کے موجودہ میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن یعنی آج اتوار کو دو میچ کھیلے جائیں گے۔ ہیمبرگ کی ٹیم نیورمبرگ کے مد مقابل ہوگی جبکہ شالکے اور آؤگسبرگ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں