بنڈس لیگا: لیورکوزن نمبر ایک ٹیم بن گئی
22 فروری 2010گزشتہ ہفتے تک پہلی پوزیشن میونشن گلاڈباخ کے پاس تھی تاہم جمعہ کو میچ ڈے کے آغاز پر میونشن گلاڈ باخ کا ہوفن ہائیم کے ساتھ مقابلہ دو دو گول سے برابر رہا۔ اسی وقت دوسرے نمبر کی ٹیم لیورکوزن کے سرفہرست آنے کی اُمید پیدا ہو گئی تھی، جو اتوار کو مشکل سے ہی لیکن بھر آئی۔
اتوار کو لیورکوزن کا مقابلہ بریمن سے ہوا۔ یہ میچ بھی دو دو گول سے برابری پر ختم ہوا تاہم لیورکوزن کے پوائنٹس 48 سے بڑھ کر 49 ہوگئے، جو میونشن گلاڈ باخ کے برابر ہے۔
پوائنٹس ٹیبل کی تازہ پوزیشن کے مطابق اب سرفہرست لیورکوزن ہے جبکہ میونشن ایک درجے نیچے، یعنی دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔
تیسرا نمبر شالکے کے پاس ہے۔ چوتھے نمبر پر ہیمبرگ ہے، پانچویں پوزیشن ڈورٹمند کے پاس ہے۔ چھٹے نمبر پر فرینکفرٹ کی جگہ بریمن نے لے لی ہے جبکہ فرینکفرٹ ساتویں نمبر پر چلی گئی ہے۔ مائنز آٹھویں اور شٹٹ گارٹ نویں نمبر پر ہے۔ دسویں پوزیشن ہوفن ہائیم کے پاس ہی ہے۔
بنڈس لیگا کے 23 ویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو دیگر مقابلوں میں ہیرتھا نے فرائی برگ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی جبکہ شالکے نے وولفس برگ کو دو ایک سے ہرا دیا۔
ہفتے کو کھیلے گئے پانچ میں سے تین میچ بے نتیجہ رہے تاہم دو کا فیصلہ بڑے مارجن سے ہوا۔ شٹٹ گارٹ نے کولون کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی جبکہ ڈورٹمنڈ نے بھی ہنوور کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔
نیورین برگ اور بائرن کا میچ ایک ایک اور ہیمبرگ اور فرینکفرٹ کا میچ صفر صفر سے برابر رہا۔ مائنز اور بوخم کے درمیان مقابلہ بھی بے نتیجہ رہا، دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: گوہر نذیر گیلانی