1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا میں شالکے کی پیش قدمی

31 اکتوبر 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کا گیارہواں میچ ڈے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ اس ہفتے شالکے کلب نے دوسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے اہم کامیابی پائی ہے۔

https://p.dw.com/p/13249
تصویر: dapd

اس میچ ڈے کے آغاز پر شالکے کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر تھی اور اس کے پوائنٹس اٹھارہ تھے۔ تاہم اس نے ہوفن ہائیم کے خلاف اپنے میچ میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ اس میچ میں اسے ایک کے مقابلے میں تین گول سے فتح ملی۔

تاہم  محض یہ شاندار کارکردگی ہی شالکے کو تیسری سے دوسری پوزیشن پر نہیں پہنچا سکتی تھی بلکہ قسمت نے بھی اس کا بھرپور ساتھ دیا۔ اسے نمبر دو پر موجود دفاعی چیمپیئن بورسیا ڈوٹمنڈ کا میچ ڈرا ہونے کا فائدہ پہنچا ہے۔

میچ ڈے کے آغاز پر ڈورٹمنڈ کی ٹیم انیس پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھی۔ تاہم شٹٹ گارٹ کے ساتھ ہفتے کو ہونے والا اس کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یوں اسے محض ایک پوائنٹ ملا اور اس کے مجموعی پوائنٹس بیس ہو گئے۔ شالکے کو جیت کے سبب ملنے والے تین پوائنٹ اسے اکیس پوائنٹس کے ساتھ نمبر تین  سے دو پر لے گئے۔

پہلے نمبر پر بدستور بائرن میونخ کی ٹیم نے ہے۔ اس ہفتے اس نے نیورمبرگ کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر اپنے پوائنٹس پچیس کر لیے ہیں۔ یوں اس کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

Champions League Gruppe E Olympiakos Piräus gegen Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ پوائنٹس ٹیبل پر ایک قدم پیچھے چلی گئی ہےتصویر: dapd

اس ہفتے پوائنٹس ٹیبل پر اوپر جانے والی ٹیموں میں شالکے کے علاوہ بریمن، مؤنشن گلاڈ باخ، بائر لیور کوزن، کولون، کائزرزلاؤٹرن اور ہیمبرگ شامل ہیں۔

اس ٹیبل پر نیچے جانے والی ٹیموں میں ڈورٹمنڈ کے ساتھ شٹٹ گارٹ، ہینوور، ہوفن ہائیم، وولفس برگ، نیورمبرگ اور آؤگسبرگ شامل ہیں۔

اتوار کو بنڈس لیگا کے گیارہویں میچ ڈے کے آخری دو مقابلے ہوئے۔ پہلے میچ میں کولون نے آؤگسبرگ کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ دوسرا میچ ہیمبرگ اور کائزرزلاؤٹرن کے درمیان ایک ایک گول سے برابر رہا۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں