1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: چودہواں میچ ڈے مکمل

عابد حسین2 دسمبر 2013

جرمن قومی فٹ بال لیگ کے 14 میچ ڈیز اینی تکمیل کو پہنچ گئے ہیں۔ بائرن میونخ اِس وقت 38 پوائنٹس کے ساتھ لیگ ٹیبل کی ٹاپ ٹیم ہے۔ دوسری پوزیشن پر اب بائر لیورکوزن براجمان ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1ARQQ
تصویر: picture-alliance/dpa

اتوار کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں بوروسیا مؤنشن گلاڈ باخ نے فرائی برگ کی ٹیم کو ایک گول سے ہرا کر قومی لیگ میں اپنی پوزیشن کو مزید استحکام دیا۔ یہ گول میچ کے دوسرے ہاف میں رافائل نے کیا۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول پر ختم ہوا تھا۔ اس جیت کے بعد مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم نے شالکے کو پیچھے کر دیا ہے۔ شالکے کا کلب 24 پوائنٹس کے ساتھ اب پانچویں پوزیشن پر ہے۔ فرائی برگ کی ٹیم اِس وقت سولہویں مقام پر ہے اور رواں بنڈس لیگا کے بعد اُسے تنزلی کا سامنا ہو سکتا ہے۔

لیگ ٹیبل پر مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہے اور اُس کے پوائنٹس کی تعداد 28 ہے۔ اس طرح وہ ٹاپ تھری ٹیموں کے تعاقب میں ہے اور اگلے میچوں میں کامیابی سے اپنی پوزیشن کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔ ناقدین کے مطابق جس طرح ڈورٹمنڈ کلب کے مجموعی کھیل میں توازن کا فقدان ہے اور وہ پہلے مقام سے پھسلتے ہوئے اب تیسرے مقام تک پہنچ گئی ہے۔ مبصرین نے ایسے خدشات کا اظہار کیا ہے کہ اگلے میچوں میں ڈورٹمنڈ کو اپنی تیسری پوزیشن کو سنبھالنے کے لیے بہت محنت درکار ہو گی۔

Fußball Bundesliga Borussia Mönchengladbach - SC Freiburg am 01.12.2013
لیگ ٹیبل پر مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم چوتھی پوزیشن پر ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اتوار کے روز کھیلے جانے والے ایک دوسرے میچ میں بنڈس لیگا میں دفاعی کھیل کی وجہ سے مشہور ہینوور کلب نے آئنٹراخٹ فرینکفرٹ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ ہینوور کلب گزشتہ سات میچوں میں کوئی بھی میچ جیت نہیں پایا تھا اور اتوار کا میچ جیت کر اُس نے اپنی فتح کی خشک سالی ختم کر دیا۔ ہینوور کی جانب سے پہلے ہاف کے چوبیسویں منٹ میں مَیم بیرام دیاوف نے اپنے سر کا استعمال کرتے ہوئے گول کیا اور دوسرا گول دوسرے ہاف میں ایک فری کِک کے ذریعے کیا گیا۔ ہینوور کلب کے زابلاک ہُوسٹسی نےدوسرا گول کیا۔ دوسرے گول کے بعد ہینوور کلب نے میچ کا شاندار انداز میں دفاع کیا۔ چودہویں میچ ڈے کی تکمیل پر ہینوور کلب 17 پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر ہے اور ہارنے والی فرینکفرٹ کی ٹیم 11 پوائنٹس کے ساتھ لیگ ٹیبل پر پندرہویں پوزیشن پر ہے۔

اس میچ ڈے کے اختتام پر لیگ ٹیبل پر پہلی پوزیشن بائرن میونخ نے سنبھال رکھی ہے۔ ٹاپ ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 38 ہے۔ دوسری پوزیشن پر 34 پوائنٹس کے ساتھ بائر لیورکوزن کی ٹیم ہے۔ جرمن قومی فٹ بال لیگ کا اگلا میچ ڈے چھ نومبر بروز جمعے سے شروع ہو گا۔ دسمبر کے آخری ہفتے میں بنڈس لیگا کے پہلے مرحلے کی تکمیل ہو جائے گی۔ نئے سال اور کرسمس کے لیے تقریباً ایک ماہ کا وقفہ کیا جاتا ہے۔ بنڈس لیگا کے پہلے مرحلے کا آخری میچ ڈے سترہواں ہے اور وہ بائیس دسمبر کو مکمل ہو جائے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں