1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: ہینوور نے نیورمبرگ کو ہرا دیا

28 جنوری 2012

جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے ایک میچ میں ہینوور کی ٹیم نے آٹھ میچوں میں لگاتار ناکامیابی کے بعد نیورمبرگ کو ایک صفر سے شکست دے دی ہے۔

https://p.dw.com/p/13sFp
ہینوور کی ٹیم گزشتہ آٹھ میچوں میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکیتصویر: dapd

ہینوور کی جانب سے واحد گول میچ کے پہلے حصے میں کیا گیا۔ ہینوور کی ٹیم گزشتہ آٹھ میچوں میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکی اور وہ ان میں سے ایک بھی میچ نہ جیت سکی۔ جمعے کے روز کھیلے جانے والے میچ میں جیت کے بعد اس کی شکست  اور میچ ڈرا کرنے کا سلسلہ رک گیا۔ نیورمبرگ کے خلاف فتح کے بعد ہینوور کو تین پوائنٹس مل گئے ہیں۔

میچ جیتنے کے بعد ہینوور کے کوچ مرکو زلوکا نے کہا کہ میچ میں جیت کے پیچھے قسمت کا دخل بھی تھا تاہم آٹھ میچوں میں کامیابی حاصل نہ کرنے کے بعد انہیں قسمت کی بھی ضرورت تھی۔

Fußball Bundesliga Hannover 96 gegen 1. FC Nürnberg
اس میچ میں جیت کے بعد ہینوور لیگ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر آ گئی ہےتصویر: picture alliance/dpa

نیورمبرگ کے کوچ ڈائیٹر ہیکنگ نے میچ میں اپنی ٹیم کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم نے اچھی پرفارمنس نہیں دی اور یہ کہ وہ اس میچ میں جیت کے مستحق نہیں تھے۔

گزشتہ برس تئیس اکتوبر کو بائرن میونخ کے خلاف دو ایک کی جیت کے بعد یہ ہینوور کی یہ پہلی فتح ہے۔ لیگ کے اس میچ میں جیت کے بعد ہینوور لیگ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر آ گئی ہے۔

لیگ میں سر فہرست ٹیمیں، میونخ، ڈورٹمنڈ اور شالکے آج ہفتے کے روز اپنے میچ کھیلں گی۔ یہ تمام میچ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ تینوں ٹیموں کے لیگ ٹیبل پر یکساں پوائنٹس ہیں اور بائرن میونخ کو صرف گول اوسط کی بنیاد پر ہی برتری حاصل ہے، تاہم آج کے میچ یہ طے کریں گے کہ بنڈس لیگا میں فی الوقت سر فہرست مقام کس ٹیم کو نصیب ہوتا ہے۔

رپورٹ: شامل شمس ⁄  خبر رساں ادارے

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں