بےگھر شہری سے خیرات کے سکے چھیننے والے دو نوجوان گرفتار
23 اگست 2020یہ واقعہ جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ڈورٹمنڈ میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا اور دونوں ملزمان کی عمریں سولہ سولہ سال بتائی گئی ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ان نوجوانوں نے دیکھا کہ ایک بےگھر شہری ایک سڑک کے کنارے سویا ہوا تھا اور اس کے سامنے رکھے ہوئے گتے کے ایک کپ میں تقریباﹰ دس یورو سکوں کی صورت میں پڑے تھے۔
ان لڑکوں نے پہلے تو اس سوئے ہوئے شخص کو جگایا اور پھر بظاہر اصلی نظر آنے والی اپنی نقلی پستول کا رخ اس کی طرف کر کے ایک پٹاخہ چلا دیا، جس سے یہ شخص ڈر گیا۔
پولیس نے اتوار تیئیس اگست کے روز بتایا کہ یہ دونوں نوجوان اس بے خانماں آدمی کے سامنے رکھے ہوئے پیپر کپ سے سکے نکال کر اپنے الیکٹرک رولر پر سوار ہو کر موقع سے فرار ہو گئے تھے۔
موقع پر موجود چند افراد نے جب یہ منظر دیکھا تو فوراﹰ پولیس کو اطلاع کر دی۔ کچھ ہی دیر بعد پولیس نے ان دونوں نابالغ ملزموں کو پکڑ لیا مگر وہ مزاحمت پر اتر آئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ ان دونوں نوجوانوں کا رویہ کافی جارحانہ تھا اور بعد میں پتا چلا کہ وہ پہلے بھی ڈورٹمنڈ شہر میں عام لوگوں کو ڈرا کر ان سے چھوٹی موٹی رقوم چھین لینے کی چند وارداتوں کے مرتکب ہو چکے تھے۔
اس پر پولیس انہیں ہتھکڑیاں پہنا کر مقامی تھانے میں لے گئی، جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اب انہیں عدالت میں اپنے خلاف کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا۔
ان سے برآمد کیے گئے تقریباﹰ دس یورو کے سکے پولیس نے اس بےگھر شخص کو لوٹا دیے جس سے وہ چھینے گئے تھے۔
م م / ع آ (ڈی پی اے)