ترکی میں فیکٹری میں دھماکہ، متعدد افراد ہلاک
24 دسمبر 2024مقامی گورنر اسماعیل اوستا اوغلو نے بتایا کہ "ابتدائی رپورٹس کے مطابق، 12 ملازمین کی موت ہو گئی اور چار کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا۔" یہ حادثہ ضلع بالک ایسر کی تحصیل قیصری میں پیش آیا۔
انہوں نے مزید کہا، "میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ ہمارے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی مغفرت فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔"
ترکی: کوئلہ کان میں دھماکہ، 25 افراد ہلاک
حکام نے بتایا کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیکٹری کے اندر کوئی عملہ نہیں ہے اور آگ بجھا دی گئی ہے۔
اس واقعے کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں؟
فیکٹری کے ایک حصّے میں، تا حال نا معلوم وجوہات کی بنا پر، دھماکہ ہوا جس کے بعد عمارت منہدم ہو گئی ہے۔ دھماکہ صبح 8:25 بجے ہوا۔
ویڈیو فوٹیج میں فیکٹری کے باہر شیشے اور دھات کے ٹکڑے بکھرے ہوئے دکھائی دیے اور وہاں کئی ایمبولینسیں کھڑی تھیں۔
عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ عمارت کا ایک حصہ ''میدان جنگ جیسا‘‘ تھا۔
وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے کہا کہ فیکٹری، جو رہائشی علاقوں سے دور واقع ہے، میں دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس کی وجہ کیا ہے۔
مقامی حکام نے "تکنیکی وجوہات" کی طرف اشارہ کیا لیکن اس کی وضاحت نہیں کی، کیونکہ ماہرین ابھی بھی جائے وقوعہ پر تفتیش کر رہے ہیں۔
حکام نے تخریب کاری کو مسترد کر دیا اور حکام نے مکمل تفتیش شروع کر دی ہے۔
انقرہ میں ترک وزارت داخلہ کے سامنے خود کش بم دھماکہ
سن دو ہزار بیس میں، شمال مغربی ترکی میں آتش بازی کی ایک فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں سات افراد ہلاک اور 127 دیگر زخمی ہوئے۔
گزشتہ سال ترکی کی وزارت دفاع کی دھماکہ خیزمواد تیار کرنے والی ایک فیکٹری میں ہونے والے دھماکے میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ یہ فیکٹری دارالحکومت انقرہ سے تقریباً 40 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔
ج ا ⁄ ص ز (اے ایف پی، اے پی)