جرمنی: پبلک ٹرانسپورٹ ورکرز کی ملک گیر ہڑتال
2 فروری 2024جرمنی میں مقامی پبلک ٹرانسپورٹ ورکرز نے جمعے کی صبح سویرے چوبیس گھنٹے کی نئی ہڑتال شروع کی، جس کی وجہ سے بالخصوص صبح سویرے سفر کرنے والے مسافروں اور اپنے کام پر جانے والوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لیبر یونین وردی کی اپیل پر ہونے والی اس ہڑتال کی وجہ سے باویریا کو چھوڑ کر جرمنی کی تمام وفاقی ریاستوں میں بسیں او رٹرامیں بند ہیں۔
ہمبرگ ہوائی اڈے کا گراونڈ اسٹاف بھی اس ہڑتال میں شامل ہے، جس کی وجہ سے وہاں کئی پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا ہے۔
جرمنی: ایئرپورٹ عملے کی ہڑتال، پروازیں منسوخ
وردی دیگر مطالبات کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ ملازمین کے لیے کام کے بہتر مواقع اور حالات فراہم کرنے پر زور دے رہا ہے۔ بہر حال ہڑتال کے ساتھ ہی مزدور یونین کے رہنما ٹرانزٹ حکام سے بات چیت بھی کررہے ہیں۔
مزدور یونین وردی تقریباً 130میونسپل ٹرانزٹ ایجنسیوں میں کام کرنے والے لگ بھگ نوے ہزار ملازمین کی نمائندگی کرتی ہے۔
جرمنی میں ملک گیر ہڑتال: کاروبار زندگی مفلوج
ماحولیات کے لیے کام کرنے والی تنظیم فرائیڈے فار فیوچر جرمنی نے بھی ٹرانسپورٹ ہڑتال کی تائید کی ہے۔
ہمبرگ ہوائی اڈہ بھی متاثر
دریں اثنا ہمبرگ ہوائی اڈے کے گراونڈ اسٹاف نے بھی وردی کے ہڑتال کی اپیل پر ساتھ دیا ہے۔ اس کی وجہ سے جرمنی کے دوسرے سب سے بڑے شہر کے ہوائی اڈے سے کچھ پروازیں منسوخ کرنی پڑیں۔ حالانکہ بقیہ آپریشنز بڑی حد تک معمول کے مطابق ہیں۔
جرمنی کے ہوائی اڈوں پر کل سکیورٹی عملے کی ہڑتال، پروازیں منسوخ
ہمبرگ ہوائی اڈے پر آج کی یہ ہڑتال ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی عملے کی جانب سے جمعرات کے روز کام بند کرنے کے بعد کی گئی ہے۔ ہمبرگ کے علاوہ فرینکفرٹ، بریمن، برلن، لپزگ، کولون/بون اور دیگر شہروں کے ہوائی اڈے بھی اس سے متاثر ہوئے۔ ہڑتا ل کی وجہ سے دو لاکھ سے زیادہ مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
کل ہونے والے ہوائی اڈے کے ہڑتال کی وجہ سے میونخ اور نیورمبرگ ہوائی اڈوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ وہاں کے سکیورٹی اسٹاف پبلک سیکٹر کے تحت آتے ہیں اور دیگر ہوائی اڈوں سے مختلف یونین کنٹریکٹ پر عمل پیرا ہیں۔
ج ا/ ص ز (ڈی پی اے، روئٹرز)