1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہفرانس

دنیا کی طویل ترین باگیٹ: فرنچ بیکرز کا نیا عالمی ریکارڈ

6 مئی 2024

فرانسیسی بیکرز کی ایک ٹیم نے دنیا کی طویل ترین باگیٹ تیار کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ گزشتہ عالمی ریکارڈ اطالوی نانبائیوں نے قائم کیا تھا۔ فرنچ بیکرز کی تیار کردہ باگیٹ بریڈ ایک سو تینتالیس میٹر طویل تھی۔

https://p.dw.com/p/4fXaX
یہ باگیٹ اٹھارہ ماہر نانبائیوں نے دس گھنٹوں میں تیار کی
یہ باگیٹ اٹھارہ ماہر نانبائیوں نے دس گھنٹوں میں تیار کیتصویر: Stephanie Lecocq/REUTERS

باگیٹ (baguette) نامی بریڈ ایک ایسی پتلی اور لمبی ڈبل روٹی ہوتی ہے، جو کم از کم بھی 60 سینٹی میٹر یا قریب دو فٹ لمبی ہوتی ہے اور جسے اس لیے فرانس کی ایک قومی علامت سمجھا جاتا ہے کہ اس کا آغاز فرانس ہی سے ہوا تھا اور اس یورپی ملک میں باگیٹ ناشتے سے لے کر رات کے کھانے تک میں کسی بھی وقت کھائی جا سکتی ہے۔

فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے نواح میں سیُورَین نامی شہر میں فرنچ بیکرز کی ایک 18 رکنی ٹیم نے دنیا کی سب سے لمبی باگیٹ کے طور پر 143.53 میٹر طویل بریڈ تیار کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ اتوار پانچ مئی کے روز قائم کیا۔

اشیائے خوراک میں شکر اور نمک کم، جرمن فوڈ انڈسٹری کا فیصلہ

اس سے پہلے یہ ورلڈ ریکارڈ آج سے پانچ سال قبل اطالوی بیکرز نے اٹلی کے شہر کومو میں قائم کیا تھا، جب انہوں نے تقریباﹰ 133 میٹر طویل باگیٹ تیار کی تھی۔ لیکن اہم بات یہ ہے کہ فرانسیسی نانبائیوں نے جو نئی طویل ترین باگیٹ تیار کی، وہ کومو میں تیار کردہ باگیٹ سے بھی قریب 10 میٹر لمبی تھی۔

فرانس کی ایک روایتی باگیٹ قریب ساٹھ سینٹی میٹر یا تقریباﹰ دو فٹ لمبی ہوتی ہے
فرانس کی ایک روایتی باگیٹ قریب ساٹھ سینٹی میٹر یا تقریباﹰ دو فٹ لمبی ہوتی ہےتصویر: Stephanie Lecocq/REUTERS

باگیٹ بے گھر افراد کے لیے عطیہ کر دی گئی

پیرس سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق فرنچ بیکرز کی تیار کردہ اس باگیٹ کی طوالت اور نئے عالمی ریکارڈ کی جب گنیس ورلڈ ریکارڈز کی طرف سے باقاعدہ تصدیق کر دی گئی، تو اسے تیار کرنے والے نانبائیوں کی ٹیم نے اس کا کچھ حصہ موقع پر موجود شائقین میں بانٹ دیا جبکہ باقی حصہ بےگھر افراد کی خوراک کا حصہ بننے کے لیے عطیہ کر دیا گیا۔

فرنچ بیکرز نے یہ باگیٹ ایک ایسے اجتماع کے موقع پر تیار کی، جس کا اہتمام فرانسیسی بیکرز اور پیسٹری شیفس کی ملکی کنفیڈریشن کی طرف سے کیا گیا تھا۔

دنیا کی طویل ترین باگَیٹ بریڈ، چار سو فٹ لمبی

نیا عالمی ریکارڈ بن جانے کے بعد اس فرانسیسی کنفیڈریشن کے صدر ڈومینیک انراک نے کہا، ''ہاتھ سے بنائی گئی دنیا کی طویل ترین باگیٹ تیار کرنے کے لیے حقیقی جذبے اور اجتماعی سپورٹس مین شپ کی ضرورت ہوتی ہے۔‘‘

فرنچ بیکرز کی ٹیم کا ایک رکن نئی گنیس ورلڈ ریکارڈز سند کے ساتھ
فرنچ بیکرز کی ٹیم کا ایک رکن نئی گنیس ورلڈ ریکارڈز سند کے ساتھ تصویر: Stephanie Lecocq/REUTERS

انہوں نے کہا، ''ہم نے یہ کام کر دکھایا، روٹی تو انسانوں کی کارکردگی کے لیے انجن کا کام کرتی ہے۔ اور ہماری باگیٹ بھی کھانوں اور اشیائے خوراک سے متعلق ہماری ثقافت کا لازمی حصہ اور ہماری قومی میراث ہے۔‘‘

معیاری باگیٹ کی پہچان کیا؟

گنیس ورلڈ ریکارڈز کے طے کردہ ضابطوں کے مطابق باگیٹ فرانس کی ''فرانسیسیت‘‘ کی ایک ایسی علامت ہے، جو دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہے۔ اس کی موٹائی اس بریڈ کے ایک سرے سے لے کر دوسرے سرے تک کم از کم بھی پانچ سینٹی میٹر یا دو انچ سے تھوڑی سی کم ہونا چاہیے۔

دبئی، اب مشین سے گرما گرم روٹی مفت نکالیں

اس کے علاوہ ایک معیاری باگیٹ 60 سینٹی میٹر یا قریب دو فٹ لمبی بھی ہونا چاہیے اور اس کا وزن کم از کم بھی 250 گرام یا قریب نصف پاؤنڈ ہونا چاہیے۔ مزید یہ کہ اسے صرف گندم کے آٹے، پانی، نمک اور خمیر سے تیار کردہ ہونا چاہیے۔

فرانسیسی نانبائیوں نے اس باگیٹ کی تیاری کا کام صبح تین بچے شروع کیا، جو ایک بجے بعد دوپہر مکمل ہوا
فرانسیسی نانبائیوں نے اس باگیٹ کی تیاری کا کام صبح تین بچے شروع کیا، جو ایک بجے بعد دوپہر مکمل ہواتصویر: Stephanie Lecocq/REUTERS

نئے ورلڈ ریکارڈ کے لیے کون سے اجزا کتنے؟

فرانسیسی شہر سیُورَین میں 18 ماہر نانبائیوں کی ٹیم نے جو باگیٹ تیار کی، اس کے پکائے جانے سے پہلے اس کے لیے گندھے ہوئے آٹے کا وزن 152 کلوگرام  یا 335 پاؤنڈ تھا۔ اس بریڈ کی تیاری میں جو اجزا استعمال کیے، ان میں 90 کلوگرام آٹا، 60 لیٹر پانی، 1.2 کلوگرام نمک اور 1.2 کلوگرام خمیر شامل تھے۔

گوگل ٹرانسلیٹر کا کمال، ناروے کی ٹیم نے 15000 انڈے خرید لیے

اس بریڈ کی کئی گھنٹوں میں تیاری کا کام فرنچ بیکرز کی اس ٹیم نے صبح تین بجے شروع کیا تھا اور اسے پکانے کے لیے خاص طور پر تیار کردہ ایک ایسا تندور استعمال کیا گیا جو ایک طویل خیمے کی شکل کا تھا، جسے پہیے لگے ہوئے تھے اور جو بہت سست رفتاری سے حرکت میں بھی تھا۔

اس نئے ریکارڈ کے قائم ہو جانے کے بعد سیُورَین کے مئیر گیلوم بوڈی نے کہا، ''فرانس کے اس شہر کو فخر ہے کہ اس نے ایک ایسے تقریب کی میزبانی کی، جس میں ہماری قومی علاقت کے طور پر دنیا کی طویل ترین باگیٹ تیار کرنے کا ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔‘‘

م م / ا ا (روئٹرز، ڈی ڈبلیو)