1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دیر بالا میں افغان طالبان کی طرف سے حملہ: طالبان مخالف ملیشیا کا چیف ہلاک

کشور مصطفیٰ9 اگست 2014

افغانستان سے پاکستان کے شورش زدہ شمال مغربی قبائلی علاقے میں مقامی طالبان مخالف ملیشیا کے چیف کے گھر پر ہونے والے حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Crlp
تصویر: Reuters

ایک مقامی پولیس آفیسر گُل فاضل خان نے آج ہفتے کے روز خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ جمعے کی رات گئے پشاور سے 250 کلو میٹر کے فاصلے پر قائم ضلع دیر بالا کے گاؤں تینائی دارا میں افغانستان کی طرف سے طالبان عسکریت پسندوں نے اس گاؤں کے ایک مقامی لیڈر ناظمین خان کے گھر پر حملہ کر کہ ناظمین خان اور اُن کے دو بیٹوں اور ایک بھتیجے کو ہلاک کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حملے میں ناظمین خان کی فیملی کے دو مزید افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جس کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس واقعے کی تصدیق ایک سینئر پولیس اہلکار جاوید عزیز نے کر دی ہے تاہم ان کے بیان کے مطابق افغانستان طالبان کی طرف سے کیے جانے والے اس حملے کے بعد پاکستانی فوج نے رد عمل کے طور پر جوابی کارروائی کی جس میں دو عسکریت پسند مارے گئے۔

ناظمین خان ایک مقامی طالبان مخالف ملیشیا کے سربراہ تھے۔ پولیس اہلکار جاوید نے کہا ہے کہ دیر بالا کے علاقے میں فوج اور طالبان مخالف ملیشیا عسکریت پسندوں کی تلاش میں ہے۔

Afghanistan Sicherheit Anschlag Kabul
کابل میں ہونے والے ایک بم حملے میں کم از کم چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہےتصویر: Shah Marai/AFP/Getty Images

دریں اثناء آج ہفتے کے روز ہی افغانستان میں سڑک کنارے ہونے والے مختلف بم دھماکوں میں افغان فوج کے کم از کم 9 اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزارت دفاع کے مطابق یہ فوجی اہلکار باغیوں کے خلاف ایک آپریشن کے دوران مارے گئے۔ طالبان باغیوں نے کچھ عرصے سے حملوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے، جس کا ہدف زیادہ تر افغان سکیورٹی فورسز ہی ہوتی ہیں۔

آج ہی یعنی ہفتے کے روز ایک علیحدہ واقعے میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک بم حملے میں کم از کم چھ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے۔ پولیس کے مطابق ان میں تین شہری اور تین فوجی آفیسر بھی شامل ہیں۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نجیب دانش کے بیان کے مطابق ہفتے کی صبح ایک بم دھماکا کابل کی ایک فُٹ پاتھ پر نصب بم کے پھٹنے سے ہوا۔ اُدھر افغانستان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ملک بھر میں طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی آپریشن میں 59 طالبان جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ 33 زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت دفاع کی طرف سے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا گیا کہ شمالی صوبے سر پُل میں طالبان باغیوں کے ساتھ ہونے والے تصادم میں چار طالبان جنگجو ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت دفاع کے بیان میں ہی سڑک کنارے بم کے پھٹنے کے ایک علیحدہ واقعے میں افغان نیشنل آرمی کے تین آفیسروں کی ہلاکت کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے۔