1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ريئل ميڈرڈ اور چيلسی چيمپئنز ليگ کے سيمی فائنل ميں

عاصم سلیم9 اپریل 2014

يورپی فٹ بال چيمپئنز ليگ کے کوارٹر فائنل مقابلوں کے دوسرے مرحلے ميں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہسپانوی کلب ريئل ميڈرڈ اور برطانيہ کے کلب چيلسی نے سيمی فائنل کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Be59
تصویر: picture-alliance/dpa

منگل کی شب کھیلے گئے ایک کوارٹر فائنل مقابلے میں جرمنی کے فٹ بال کلب ڈورٹمنڈ نے اگرچہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں ريئل ميڈرڈ کوصفر دو سے شکست دے دی تاہم دونوں کوارٹر فائنلز کے مجموعی اسکور کے سبب ميڈرڈ کی ٹيم سيمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے ميں کامياب رہی۔ آٹھ اپريل کی رات کھيلے گئے اس ميچ ميں ڈورٹمنڈ کے مارکو ريئس نے پہلے ہاف ميں ہی دو گول کر دیے تھے اور اِسی اسکور پر ميچ ختم ہوا۔

ريئل ميڈرڈ کی ٹيم نے گزشتہ ہفتے اپنی ميزبانی ميں کھيلے جانے والے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے ميں ڈورٹمنڈ کو تين صفر سے مات دی تھی۔ يوں دونوں مرحلوں کا مجموعی اسکور تين کے مقابلے ميں دو گول سے ميڈرڈ کے حق ميں رہا اور یہ ہسپانوی ٹيم اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کرنے ميں کامياب رہی۔ اِس ميچ ميں ريئل ميڈرڈ کی ٹيم کو اسٹار کھلاڑی کرسٹيانو رونالڈو کی خدمات حاصل نہ تھيں کيونکہ وہ انجیری کے باعث میدان میں نہ اتر سکے۔

Paris Saint-Germain vs Chelsea 02.04.2014 Paris
چيلسی کو پيرس ميں مخالف ٹيم کے ميدان پر زيادہ گول کرنے کے سبب سيمی فائنل تک رسائی حاصل ہوئی۔تصویر: Reuters

دوسری جانب برطانوی کلب چيلسی نے لندن ميں اپنی ميزبانی ميں کھيلے جانے والے کوارٹر فائنل مقابلے کے دوسرے مرحلے ميں فرانسيسی کلب پيرس سينٹ جرمين کو صفر دو سے سے مات دی۔ چيلسی کے ليے اينڈرے شرلے نے تينتيسويں منٹ ميں پہلا گول اسکور کيا جبکہ ميچ کے87 ويں منٹ ميں ڈيمبا با نے اپنی ٹيم کے ليے دوسرا گول کرتے ہوئے سيمی فائنل تک پہنچنے کے اپنی ٹيم کے خواب کو يقينی بنا ڈالا۔

پہلے مرحلے کے کوارٹر فائنل ميچ ميں پيرس سينٹ جرمين نے چيلسی کو ايک کے مقابلے ميں تين گول سے شکست دی تھی اور يوں دونوں مرحلوں کے بعد مجموعی اسکور تين تين رہا تاہم چيلسی کو پيرس ميں مخالف ٹيم کے ميدان پر زيادہ گول کرنے کے سبب سيمی فائنل تک رسائی حاصل ہوئی۔

چيمپئنز ليگ کے کوارٹر فائنل مرحلے ميں آج بروز بدھ بھی چار اہم ٹيميں ميدان ميں اتر رہی ہيں۔ جرمن فٹ بال کلب ميونخ اپنے ہوم گراؤنڈ پر برطانوی کلب مانچسٹر يونائٹڈ سے کھیلے گا۔ اِن دونوں ٹيموں کے درميان اولڈ ٹريفرڈ ميں کھيلا جانے والا پہلے مرحلے کا ميچ ايک ايک گول سے برابر رہا تھا۔ آج نو اپريل کو دوسرا ميچ ہسپانوی ٹيم بارسلونا اور ايٹليٹيکو ميڈرڈ کے مابين ہوگا۔ اِن دونوں ٹيموں کے درميان بھی پہلے مرحلے کا ميچ ايک ايک گول سے برابر رہا تھا۔