غزہ سیزفائر مذاکرات، نیتن یاہو قاہرہ میں
17 دسمبر 2024اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو غزہ میں سیزفائر کے حوالے سے جاری مذاکرات میں شرکت کے لیے مصر پہنچ گئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ غزہ میں سیز فائر کے حوالے سے کوئی معاہدہ آئندہ چند روز میں طے پا سکتا ہے۔
غزہ میں اسرائیلی عسکری کارروائیاں جاری
منگل کو اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ پٹی کے شمال میں دو مختلف مقامات پر دو رہائشی مکانات تباہ ہو گئے، جس کے نتیجے میں دو خاندانوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب غزہ کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی ٹینکوں نے بحیرہ روم کے ساحل پر واقع ہیومینیٹیرین زون کی طرف پیش قدمی کی، جس کے نتیجے میں بے گھر خاندانوں کو دوبارہ نقل مکانی کرنا پڑی۔
غزہ میں حماس کے زیرنگرانی کام کرنے والے طبی عملے کے مطابق، غزہ شہر کے داراج علاقے کے مضافات میں ایک فضائی حملے میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے، جس سے ایک عمارت تباہ ہو گئی جب کہ چند قریبی مکانات کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب غزہ کے شمالی علاقے بیت لاہیہ میں ایک فضائی حملے میں کم از کم 15 افراد کے ہلاک یا ملبے تلے دب جانے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل نے گزشتہ کئی روز سے اس علاقے کی ناکہ بندی کر رکھی ہے۔
قطر، امریکہ اور مصر متحرک
گزشتہ کئی ماہ کی کوششوں کے بعد غزہ میں جنگ بندی سے متعلق بات چیت دوبارہ شروع ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہےکہ ابھی تک کوئی واضح پیش رفت تو نہیں ہوئی تاہم قطر، مصر اور امریکہ اس سلسلے میں خاصے متحرک ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک اسرائیلی تکنیکی ٹیم دوحہ میں قطری ثالثوں کے ساتھ بات چیت لیے پہنچی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس بات چیت میں غزہ میں جنگ بندی اور حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی رہائی جیسے امور پر حتمی تفصیل زیربحث ہے۔
دوسری جانب مصر کی سرکاری نیوز ایجنسی القاہرہ نے منگل کو بتایا کہ مصر اور قطر کی جانب سے تمام فریقین کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے وسیع تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔
یہ جنگ سات اکتوبر 2023 کو فلسطینی عسکری گروپ حماس کے اسرائیل پر ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد شروع ہوئی تھی۔ اسرائیل کے مطابق حماس کے اس حملے میں 1,200 اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھے، جب کہ حماس کے جنگجو قریب ڈھائی سو اسرائیلی شہریوں کو یرغمال بنا کر لے گئے تھے، جن میں سے کئی ابھی تک حماس ہی کے پاس یرغمال ہیں۔
جنوبی غزہ میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک
اسرائیلی فوج نے منگل کو کہا کہ غزہ پٹی کے جنوبی علاقے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک میجر اور ایک جنگی انجینیئر شامل تھے۔ تاہم فوجی بیان میں اس بابت زیادہ تفصیلات نہیں بتائی گئی ہیں۔ اسرائیلی فوجی ریڈیو کا تاہم کہنا ہے کہ یہ دونوں فوجی ایک پرانی عمارت منہدم ہونے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ برس ستائیس اکتوبر سے غزہ میں زمینی حملے کے آغازکے بعد سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد تین سو چھیاسی ہو چکی ہے۔ دوسری جانب غزہ میں گزشتہ 14 ماہ سے جاری اسرائیلی عسکری کارروائیوں میں غزہ میں کم از کم 45,059 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے۔واضح رہے کہ یہ اعداد و شمار حماس کے زیرانتظام غزہ میں فعال وزارت صحت کی جانب سے دیے گئے ہیں اور ان اعدادوشمار کو اقوام متحدہ معتبر سمجھتی ہے۔
ع ت/ ک م، ش ر(روئٹرز)