1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فٹ بال ورلڈ کپ: انگلینڈ سیمی فائنل میں

عابد حسین
7 جولائی 2018

فٹ بال ورلڈ کپ کے تیسرے کوارٹر فائنل میچ میں انگلینڈ نے سویڈن کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔ گزشتہ روز کھیلے گئے دو کوارٹر فائنل میچوں میں بیلجیم اور فرانس کی ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔

https://p.dw.com/p/310Yv
Fußball WM 2018 Schweden - England
تصویر: Reuters/M. Rossi

انگلینڈ اور سویڈن کا میچ روس کے شہر اسمارا کے کاسموس ایرینا میں کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں نے قدرے محتاط انداز میں ابتداء کی لیکن انگلش ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں نے جلد ہی کھیل پر گرفت حاصل کر لی اور سویڈش گول پر حملے شروع کر دیے۔

پہلے ہاف میں زیادہ تر حملے انگریز کھلاڑیوں نے کیے۔ اس دوران سویڈش گول ایریا میں پہنچے ہوئے دفاعی کھلاڑی ہیری میگوائر نے تیسویں منٹ میں ایک کارنر پر ہیڈ سے گول کر دیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر انگلش ٹیم کے کھلاڑی راحیم اسٹرلنگ نے گول کرنے کے دو انتہائی آسان مواقع ضائع کیے۔ میچ میں انگلینڈ ٹیم نے سویڈش ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔

دوسرے ہاف میں بھی انگلش ٹیم کا مورال واضح طور پر بلند دکھائی دیا اور اٹھانویں منٹ میں مڈ فیلڈر ڈیلی ایلی نے اپنی ٹیم کی سبقت کو دوہرا کر دیا۔ سویڈش ٹیم کو بھی گول کرنے کے مواقع ملے مگر اُن سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا اور وہ ضائع ہو گئے۔

Fußball WM 2018 Schweden - England
انگریز کھلاڑی ڈیلی ایلی دوسرا گول کرنے کے بعد مسرت کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: Reuters/M. Rossi

گزشتہ رات کھیلے جانے والے ایک اور کوارٹر فائنل مرحلے سے برازیل کی ٹیم بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی ہے۔ اس طرح جاری ورلڈ کپ کی ناک آؤٹ اسٹیج پر لاطینی امریکا کی تمام ٹیمیں خارج ہو گئی ہیں۔ سب سے آخر میں باہر ہونے والی لاطینی امریکی ٹیم برازیل تھی اور جسے بیلجیم کے ہاتھوں ایک گول کے مقابلے میں دو گول سے شکست ہوئی۔

اسی طرح فرانس نے ایک اور لاطینی امریکی ملک یوروگوئے کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دوگول سے ہرایا۔ یوروگوئے کی ٹیم اپنے اسٹار فارورڈ کھلاڑی کاوانی کی خدمات سے محروم تھی۔ پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پرتگال کے خلاف دو گول کرنے کے بعد وہ انجری کا شکار ہو گئے تھے۔

پہلا سیمی فائنل میچ فرانس اور بیلجیم کے درمیان دس جولائی کو سینٹ پیٹرز برگ میں کھیلا جائے گا۔ جب کہ دوسرے سیمی فائنل میچ کی میزبانی ماسکو لوژنیکی اسٹیڈیم کرے گا۔ اسی گراؤنڈ پر افتتاحی میچ کھیلا گیا تھا اور فائنل بھی یہیں کھیلا جائے گا۔ پندرہ جولائی کو کھیلے جانے والے فائنل میچ کو دیکھنے کے لیے خلیجی ریاست قطر کے امیر بھی ماسکو پہنچ رہے ہیں۔ قطر ہی میں چار برس بعد اگلے فٹ بال ورلڈ کپ کا انعقاد ہو گا۔