ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ، فیفا ایجنسی کا ڈائریکٹر گرفتار
8 جولائی 2014ریو ڈی جینیرو سے آمدہ رپورٹوں کے مطابق فیفا کی ٹکٹنگ ایجنسی کا نام میچ ہاسپیٹیلیٹی (Match Hospitality) ہے جس کے ڈائریکٹر Ray Whelan اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان کے بقول رے وہیلین پر الزام ہے کہ ورلڈ کپ میچوں کے ٹکٹوں کی غیر قانونی فروخت کے نظام کے مرکزی محرک وہی ہیں۔ انہیں ریو ڈی جینیرو میں کوپا کابانا پیلس نامی لگژری ہوٹل سے گرفتار کیا گیا۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ میچ ہاسپیٹیلیٹی فیفا کی پارٹنر ایک ایسی کمپنی ہے، جو ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹ پیکیجز کی فروخت کی ذمہ دار ہے۔ برازیل کی پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس کمپنی کے ڈائریکٹر رے وہیلین مبینہ طور پر اس نیٹ ورک کی سربراہی کر رہے تھے، جس نے برازیل کے مختلف شہروں میں ہونے والے عالمی کپ مقابلوں کے بہت سے پاس غیر قانونی طور پر فروخت کیے۔
اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ پولیس نے اس امر کی بھی تصدیق کی ہے کہ رے وہیلین کی گرفتاری سے چند روز قبل ورلڈ کپ میچوں کے ٹکٹوں کی غیر قانونی فروخت کے نیٹ ورک کو ناکام بناتے ہوئے چھاپوں کے دوران کم ازکم 11 افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے ٹکٹوں کی بلیک مارکیٹنگ کرنے والا یہ بین الاقوامی گروہ اب تک ہزاروں ایسے ٹکٹ فروخت کر چکا ہے جس سے اسے کئی ملین ڈالر کی آمدنی ہوئی۔ پولیس کے مطابق ٹکٹوں کی غیر قانونی فروخت کا یہ سلسلہ ماضی میں 2002ء میں جاپان اور جنوبی کوریا میں ہونے والے فٹ بال کے عالمی کپ مقابلوں تک جاتا ہے۔
گزشتہ ہفتے برازیل کی پولیس نے ریو ڈی جینیرو اور ساؤ پاؤلو کے شہروں میں چھاپوں کے دوران جن ایک درجن کے قریب ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ان میں نسلی طور پر الجزائر سے تعلق رکھنے والا ایک فرانسیسی شہری محمدو لامین فوفانا بھی شامل تھا۔ شروع میں تفتیشی ماہرین کا خیال تھا کہ اس گروپ کا سرغنہ یہی فرانسیسی باشندہ تھا لیکن پھر جیسے جیسے تفتیش آگے بڑھتی گئی، شواہد ورلڈ کپ کی سرکاری ٹکٹ ایجنسی کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے اس اسکینڈل میں ملوث ہونے کا پتہ دیتے رہے۔
میچ ہاسپیٹیلیٹی فیفا کا وہ آفیشیل ادارہ ہے جو فٹ بال کے شائقین کو انتہائی مہنگے ڈیلکس پیکیجز فروخت کرتا ہے، جن میں رہائش اور کیٹرنگ تک کی سہولیات بھی شامل ہوتی ہیں۔ ساؤ پاؤلو کے ایک اخبار نے یہ بھی لکھا ہے کہ پولیس نے رے وہیلین کو گرفتار کرنے سے پہلے ان کی محمدو لامین فوفانا کے ساتھ ٹیلی فون پر ہونے والے گفتگو بھی سنی تھی۔
اسی دوران Match Hospitality کی طرف سے کہا جا چکا ہے کہ اس نے موجودہ ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل کے وہ تمام ٹکٹ منسوخ کر دیے ہیں جو فوفانا کی کمپنی Atlanta Sportif کو بیچے گئے تھے۔ میچ ہاسپیٹیلیٹی کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ اس ایجنسی کے شیئر ہولڈرز میں سوئٹزرلینڈ میں قائم ان فرنٹ سپورٹس اینڈ میڈیا نامی ایک ادارہ بھی شامل ہے۔ Infront Sports and Media کے سربراہ کا نام فیلیپ بلاٹر ہے اور وہ فیفا کے موجودہ صدر سَیپ بلاٹر کے بھتیجے ہیں۔