پابندی ختم، سعید اجمل کی بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی
7 فروری 2015خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعید اجمل نے اپنا بولنگ ایکشن درست کر لیا ہے۔ 37 سالہ اجمل نے گزشتہ ماہ بھارتی شہر چنئی میں اپنے تبدیل شدہ بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرایا تھا۔ بین الاقوامی معیارات کے مطابق اس بائیو میٹرک ٹیسٹ میں ان کا بولنگ ایکشن مروجہ معیاریعنی پندرہ ڈگری کے خم کے مطابق ہی تھا۔
سعید اجمل کے علاوہ بنگلہ دیش کے بولر سہاگ غازی کے بدلے ہوئے ایکشن کو بھی درست قرار دے دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے مطابق حالیہ تجزیات کے دوران دونوں بولرز نے اپنا ایکشن ٹھیک کر لیا ہے۔ تاہم بین الاقوامی امپائرز کو ان دونوں بولرز کی ویڈیوز اور تصاویر فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ میچ کے دوران یہ جانچ سکیں کہ آیا یہ دونوں اپنے تبدیل شدہ ایکشن کے مطابق ہی بولنگ کر رہے ہیں۔
یہ اہم ہے کہ امپائرز کو یہ استحقاق حاصل ہو گا کہ وہ کسی شبے کے نتیجے میں ان دونوں کے بولنگ ایکشن کو دوبارہ سے مشکوک قرار دے سکتے ہیں۔ اسی غیر قانونی بولنگ ایکشن کے نتیجے میں بین الاقوامی کرکٹ میں بولنگ کرنے پر پابندی کے شکار پاکستانی کھلاڑی محمد حفیظ بھی جلد ہی اپنے تبدیل شدہ بولنگ کا ٹیسٹ کروائیں گے۔ انہوں نے جمعے کے دن یہ ٹیسٹ دینا تھا تاہم انجری کے باعث ان کا یہ تجزیہ مؤخر کر دیا گیا ہے۔ اب متوقع طور پر وہ بارہ جنوری کو برسبین میں اپنا نئے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ دیں گے۔
عالمی کپ کے لیے دستیاب ہوں، سعید اجمل
منجھے ہوئے بولر سعید اجمل نے کہا ہے کہ وہ عالمی کپ کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے جانے والی سیریز میں کم بیک کرنا چاہتے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ اس پابندی کی وجہ سے اجمل کو عالمی کپ کے لیے منتخب کی گئی پندرہ رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا تھا۔ اجمل کے بقول وہ خود کو مکمل طور پر فٹ اور چست محسوس کرتے ہیں اور کسی کھلاڑی کی انجری کی صورت میں وہ ورلڈ کپ کے لیے بھی دستیاب ہوں گے۔
سعید اجمل نے پاکستان کے سابق ٹیسٹ کھلاڑیوں ثقلین مشتاق، محمد مشتاق اور محمد اکرم کے ساتھ مل کر اپنا بولنگ ایکشن درست کیا ہے۔ اجمل نے مزید کہا کہ وہ اپنے کوچز کے شکر گزار ہیں، جن کی محنت اور لگن کی وجہ سے انہوں نے بہت جلدی ہی اپنا ایکشن عالمی معیارات کے مطابق تبدیل کر لیا ہے، ’’یہ کوئی آسان کام نہیں تھا کیونکہ روزانہ مجھے چالیس اوورز کرانا پڑتے تھے تاکہ ایکشن درست ہو سکے۔‘‘
35 ٹیسٹ میچوں 178 جبکہ 111 ایک روزہ میچوں میں 183 وکٹیں حاصل کرنے والے اجمل نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ کرکٹ کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے ہیں، ’’اگر میں نے ریٹائرمنٹ لینا ہوتی تو پابندی کے بعد میں اپنا بولنگ ایکشن درست کرنے کی کوشش ہی نہ کرتا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ وہ آئندہ تین چار برس تک کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔ سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو مروجہ معیارکے مطابق غلط قرار دیتے ہوئے آٹھ ستمبر کو ان پر پابندی عائد کر دی تھی۔