پاکستان نے ایک روزہ میچوں کی سیریز جیت لی
26 دسمبر 2013سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے خلاف اِن دنوں متحدہ عرب امارات میں مختلف مقامات پر پاکستانی ٹیم ہوم سیریز کھیل رہی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے برابری پر ختم ہونے کے بعد اندازہ لگایا گیا تھا کہ ایک روزہ میچوں کی سیریز کانٹے دار ہو گی۔ پاکستان کے خلاف پہلا میچ ہارنے کے بعد مہمان ٹیم (سری لنکا) نے دوسرا ایک روزہ میچ آخری اوور میں جیت کر تب یہ سیریز برابر کر دی تھی۔
اِس کے بعد پاکستانی ٹیم نے اگلے دونوں میچوں میں مسلسل شاندار انداز میں کامیابی حاصل کر کے یہ سیریز جیت لی۔ گزشتہ ماہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف بھی ایک روزہ میچوں کی سیریز جیتی تھی۔ یو اے ای میں موجودہ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری میچ 27 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ یہ میچ بھی ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد تین ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔
بدھ کے روز ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں سری لنکن ٹیم کے کپتان اینجیلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا جو کسی طور بھی سود مند نہ رہا۔ پاکستانی تیز بالر عمر گُل نے ابتدائی تین کھلاڑی صرف 36 کے اسکور پر آؤٹ کر کے سری لنکا کے کھلاڑیوں کو دفاع پر مجبور کر دیا۔ بعد میں تجربہ کار کمارا سنگاکارا اور نئے کھلاڑی پریانجن کے درمیان 89 رنز کی شراکت ضرور قائم ہوئی مگر سنگاکارا کے رن آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی ٹیم جاندار کھیل پیش کرنے سے قاصر رہی۔ سنگا کارا نصف سینچری بنانے میں کامیاب رہے۔ ساری ٹیم انچاسویں اوور میں 225 کے اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ اس میں پریانجن کے 74 اورکپتان اینجیلو میتھیوز کے 38 رنز نمایاں تھے۔
پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے چار اور عمر گُل نے تین وکٹیں حاصل کی۔ پاکستانی ٹیم نے 226 کے ہدف کی جانب بڑھنا شروع کیا تو اوپنر شرجیل خان 31 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے 84 رنز کا اضافہ کیا۔ احمد شہزاد 44 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اُس کے بعد محمد حفیظ اور صہیب مقصود کے درمیان 111 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی اور پاکستانی ٹیم نے یہ میچ بیالیسویں اوور میں آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔ محمد حفیظ نے 113 اور صہیب مقصود نے 46 رنز بنائے اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ نے تیس برس بعد کسی دوطرفہ سیریز میں مسلسل تین سینچریاں بنائی ہیں۔ اِس سے قبل سن 1982 میں ظہیر عباس نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے خلاف تین سینچریاں اسکور کی تھیں۔ پاکستانی ٹیم کے محمد حفیظ نے سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی موجودہ سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں 122 رنز بنائے تھے۔ دوسرے میچ میں وہ 32 کے اسکور پر رن آؤٹ ہو گئے تھے۔ تیسرے ایک روزہ میچ میں وہ ناٹ آؤٹ 140 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ کل بدھ کے روز کھیلے جانے والے میچ میں وہ 113 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ کھیلنے میں کامیاب رہے۔ وہ چار میچوں میں 407 رنز بنا چکے ہیں اور اُن کی اوسط 203.5 ہے۔ رواں برس کے دوران وہ پانچ سینچریاں بنانے میں بھی کامیاب رہے ہیں۔ گزشتہ روز وہ ایک روزہ میچوں میں اپنے چار ہزار رنز بھی مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔ رواں برس کے دوران کھیلے جانے والے ایک روزہ میچوں میں وہ 1260 رنز بنا چکے ہیں۔