1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

25 جنوری 2020

پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ آج لاہور میں کھیلا۔ اس میچ کو میزبان ٹیم نے نو وکٹوں سے جیت لیا اور اس طرح تین میچوں کی سیریز بھی پاکستان نے جیت لی۔

https://p.dw.com/p/3WoAM
Pakistan vs Bangaldesch Vorbereitungen Cricket T20 Gaddafi Stadion in Lahore
تصویر: Getty Images/AFP/A. Ali

پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے لاہور میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ مہمان ٹیم مقررہ بیس اوورز میں صرف 136 رنز بنا سکی- اُس اسکور کے حصول کے لیے چھ کلاڑی بھی آؤٹ ہوئے۔ سب سے زیادہ اسکور تمیم اقبال کا رہا جنہوں نے ترپن بالوں پر پینسٹھ رنز بنائے۔

بنگلہ دیشی ٹیم کی وکٹیں تواتر سے گرتی رہیں اور اس باعث ٹیم کے کھلاڑی تیز اور مناسب رفتار سے اسکور بڑھانے میں ناکام رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے میچ جیتنے کے لیے 137 کے ہدف کی جانب آغاز فوری طور پر ایک وکٹ کے نقصان سے شروع کیا۔ افتتاحی بیٹسمین احسن خان چھ کے مجموعی اسکور پر بغیر کوئی رنز بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہیں شفیع الاسلام نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد پاکستان نے کوئی اور وکٹ نہیں گنوائی اور مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں ناقابل شکست 131 رنز بنائے۔ دونوں نصف سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ بابر اعظم نے چوالیس گیندوں پر چھیاسٹھ اور محمد حفیظ نے انچاس بالوں پر سڑسٹھ اسکور کیا۔

Bangladeschische Cricketfans in Lords
بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی کے ابتدائی دو میچوں میں بڑا اسکور بنانے میں ناکام رہیتصویر: DW/A. Islam

یہ میچ پاکستانی بیٹسمینوں نے سترہویں اوور میں ختم کر دیا۔ اس میچ میں کامیابی سے تین میچوں کی سیریز کو پاکستانی ٹیم نے دو صفر سے جیت لیا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آخری اور تیسرا میچ ستائیس جنوری کو لاہور ہی میں کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا۔

میچ کا بہترین کھلاڑی بابر اعظم کو قرار دیا گیا۔ بابر اعظم پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں صفر پر آؤٹ ہو گئے تھے۔ انہوں نے اس کامیابی کو ٹیم کے کھلاڑیوں کی مجموعی شاندار کارکردگی کا نتیجہ قرار دیا۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان محمد اللہ نے میچ ہارنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم کم از کم بیس سے تیس اسکور کم کر سکی۔

انہی دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا پانچ روزہ ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ یہ میچ سات فروری سے شروع ہو گا۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں موجودہ دورے کا اکلوتا ایک روزہ میچ اور دوسرا ٹیسٹ میچ کراچی میں کھیلیں گی۔

ع ح/ ش ح ( روئٹرز، اے ایف پی)

پاکستانی بالر ثناء میر کا نیا ریکارڈ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں