پاکستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میں سری لنکا کی جیت
27 اگست 2014اس جیت سے سری لنکا نے یہ سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ آخری میچ فیصلہ کن ہو گا جس سے سیریز کے فاتح کا تعین ہو گا۔ منگل کو کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 77 رنز سے شکست دی۔
اینجلو میتھیوز نے ترانوے رنز بنائے۔ یوں وہ ایک مرتبہ پھر سنچری اسکور کرنے سے محروم رہ گئے۔ اس سیریز کے پہلے میچ میں بھی انہوں نے نواسی رنز بنائے تھے۔ تھیسارا پریرا نے چھتیس گیندوں پر پینسٹھ رنز بناتے ہوئے ایک شاندار اننگز کھیلی۔ اس دوران انہوں نے پانچ چوکے اور چار چھکے لگائے اور اپنی ٹیم کو مقررہ پچاس اوورز میں 310 کے مجموعی اسکور تک لے گئے۔
میتھیوز اور پریرا نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں ستاسی رنز بنائے۔ سری لنکا نے اپنی اننگز کے آخری چھ اوورز میں اسّی رنز بنائے۔ میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ابتدا میں باسٹھ رنز پر سری لنکا نے تین وکٹیں گنوا لی تھیں۔ تاہم چوتھی وکٹ کی شراکت میں مہیلا جے وردھنے اور میتھیوز نے ایک سو بائیس رنز بنائے۔ جے وردھنے کا انفرادی اسکور سڑسٹھ رہا۔
ایک سو چوراسی کے اسکور تک سری لنکا کی مزید کوئی وکٹ نہ گری تاہم ایک سو چورانوے تک پہنچے پر اس کی مزید تین وکٹیں ضائع ہوئیں۔ پاکستان کے آف اسپنر محمد حفیظ نے تین وکٹیں لیں۔
پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض کامیاب بولر رہے جنہوں نے پینسٹھ رنز دے کر چار وکٹیں لیں۔ انہوں نے ہی میتھیوز کو بھی آؤٹ کیا تاہم اس وقت تک سری لنکن ٹیم تین سو رنز بنانے کے قریب پہنچ چکی تھی۔
پاکستان نے ابتدا میں بھاری ہدف کے تعاقب میں تیزی دکھائی لیکن اننگز کے وسط میں میزبان ٹیم کے اسپنرز کے آگے مہمان بلے بازوں کی ایک نہ چلی۔ پریرا نے بیٹ کے ساتھ ساتھ گیند کے ساتھ بھی جادو چلایا اور انیس رنز دیتے ہوئے تین وکٹیں لیں۔
حفیظ اور اوپنر احمد شہزاد نے دوسری وکٹ کی شراکت میں تیز تر چھیانوے رنز بنائے تاہم دونوں ہی لیگ اسپنر پراسنا کا شکار ہو گئے۔ اس وقت تک یہ دونوں بلے باز نصف سنچریاں بنا چکے تھے۔
شاہد آفریدی کے زور دار شاٹس کا جادو صرف لاستھ ملِنگا پر ہی چل سکا جن کے ایک ہی اوور میں انہوں نے تین چوکے لگائے۔ تاہم پریرا نے آفریدی کو روک دیا اور وہ سترہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
چوالیسویں اوور میں پاکستان کی پوری ٹیم 233 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئی۔ اس ون ڈے سیریز کا آخری میچ ہفتے کو سری لنکا کے شہر ڈمبولا میں کھیلا جائے گا۔