چوری شدہ ایک ہزارسال قدیم نوادرات امریکا سے واپس تھائی لینڈ
30 مئی 2021
دس اور گیارہویں صدی میں چٹانی پتھر سے بنے ہندو دیوتاؤں 'اندرا اور یاما‘ کی اشکال کی نقاشی کےساتھ تیار کردہ شاندار صناعی نمونے جو کبھی تھائی لینڈ کے مندر کی زینت ہوتے تھے گزشتہ کئی دہائیوں سے امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ثقافتی شہر سن فرانسیسکو کے ایشیائی آرٹ کے میوزیم یا عجائب گھر میں شائقین کی دلچسپی کا مرکز رہے۔ اب ان فنی شاہکاروں کو دوبارہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک پہنچا دیا گیا ہے جہاں وہ آئندہ منگل سے تین ماہ کے لیے نیشنل میوزیم میں نمائش کے لیے رکھے جائیں گے۔ ان نادر نوادرات کو بنکاک کے عجائب گھر میں نمائش کے لیے سجانے سے پہلے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد ہوگا۔
مصر: فراعین دور کے قریب دو درجن تابوتوں کی دریافت
تھائی لینڈ کے فائن آرٹس کے شعبے کے ڈائریکٹر جنرل پردیپ پینگٹاکو کا کہنا ہے کہ یہ دونوں سل یا تختہ نما داسا جن پر ہندو دیوتاؤں کی اشکال کی نقاشی موجود ہے دراصل کمبوڈیا کے قدیمی مندر کی ساخت کا حصہ ہیں۔ پردیپ پینگٹاکو نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو ایک بیان دیتے ہوئے کہا،'' یہ دونوں فنی نمونے 1958 ء اور 1969 ء کے درمیان غائب ہوئے تھے۔ بلکہ 1965-66 ء میں تھائی نوادرات کی کافی چیزیں فنی نمونے گمشدہ ہوگئے تھے انہی میں یہ بھی شامل تھے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ دونوں تختے دراصل اُن 133 نوادرات میں شامل ہیں جنہیں امریکا کی مختلف آرٹ گیلریز اور عجائب گھروں میں نمائش کے لیے رکھا گیا تھا۔
جرمن عجائب گھر میں ڈکیتی، قیمتی نوادرات چوری
لاس اینجلس میں امریکی حکام اور 'رائل تھائی قونصل خانے‘ کے مابین ان نوادرات کی منتقلی کے لیے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر تھائی لینڈ کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ ''خیال کیا جاتا ہے کہ یہ دونوں مقدس تختےغیر قانونی طور پر 1960 ء کی دہائی میں ویتنام کی جنگ کے دوران تھائی لینڈ سے برآمد کیے گئے تھے۔‘‘
لٹیروں نے’نمرود‘ کو بھی نہیں چھوڑا
تھائی لینڈ کے ان ثقافتی ورثوں کی امریکا سے وطن واپسی دراصل امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی تین سالہ تحقیقات کے بعد ممکن ہوئی ہے۔ کیلیفورنیا کے میوزیم کا یہ اصرار تھا کہ اُس نے ایک عرصے سے ان نوادرات کو واپس دے دینے کا منصوبہ بنا رکھا تھا مگر متنازعہ تفتیش کاروں کے الزامات یہ تھے کہ انہیں چرایا گیا تھا۔
میوزیم کے ڈائریکٹر جے سو نے ایک بیان میں کہا،'' ہمیں بہت خوشی ہے کہ یہ فنی شاہکار واپس اپنے وطن جا رہے ہیں۔‘‘
امریکا نے تاریخی نوادرات بھارت کو لوٹا دیے
واضح رہے کہ حالیہ چند برسوں کے دوران صرف امریکی عجائب گھر ہی نہیں بلکہ متعدد دیگر میوزمز بھی کسی نا کسی تاریخی فن پاروں کے غائب ہونے کے اسکینڈلز میں شامل رہے ہیں۔ 2014 ء میں آسٹریلیا نے لوٹے ہوئے کم از کم آٹھ ہندوستانی مجسمے بھارت کو واپس کیے تھے۔
یورپی ملک فرانس نے بھی سینیگال اور بینین سے لی گئی اشیا کی واپسی کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ اُدھر ہالینڈ بھی اپنی سابقہ نو آبادیاتی ریاستوں سے چوری شدہ نوادرات واپس کر رہا ہے۔ اسی طرح جرمنی نے افریقی ملک نائجیریا سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اُسے اُس کے نوادرات واپس کر دے گا۔
ک م/ ب ج) اے ایف پی ای(