چیمپئنز لیگ: پہلے آٹھ میچوں میں تیس گول
18 ستمبر 2013چیمپئنز لیگ کے افتتاحی روز دفاعی چیمپئن بائرن میونخ کے علاوہ مانچسٹر یونائیٹڈ، مانچسٹر سٹی، ریئل میڈرڈ اور پی ایس جی نے اپنے میچ باآسانی جیت لیے۔
منگل کے روز کھیلے گئے آٹھ میچوں میں مجموعی طور پر تیس گول کیے گئے۔ جرمن کلب بائرن میونخ نے ماسکو کی ٹیم کو تین صفر سے، ہسپانوی کلب میڈرڈ نے ترک ٹیم گالاتاسارائی کو چھ ایک سے جب کہ برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے جرمن کلب لیورکوزن کو چار دو سے شکست دی۔ فرانسیسی کلب پی ایس جی نے یونانی کلب اولمپیاکوس کو چار ایک سے ہرایا۔
دفاعی چیمپئن بائرن میونخ نے اپنا میچ ہوم گراؤنڈ پر کھیلا۔ ٹیم کی جانب سے گول ڈیوڈ الابا، ماریو مانجوکچ اور روبن نے کیے۔ اس میچ میں بائرن کی اچھی کارکردگی کلب کے نئے ہسپانوی کوچ پیپ گارڈیولا کے لیے بھی اچھی خبر ہے۔ ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے سابق کوچ گارڈیولا پر بائرن میونخ کی بنڈس لیگا میں نسبتاً خراب کارکردگی کے حوالے سے تنقید کی جا رہی ہے۔ ماسکو کی ٹیم کے خلاف فتح کے بعد امید ہے کہ ان پر جاری تنقید میں کمی واقع ہو گی۔
میونخ کی ٹیم کی کوشش ہے کہ وہ اس سیزن کی چیمپئنز لیگ جیت کر ریکارڈ قائم کر سکے۔ اب تک کوئی ٹیم چیمپئنز لیگ میں اپنے اعزاز کا دفاع نہیں کر پائی ہے۔
منگل کے روز تقریباً تمام بڑے کلب اپنے میچ جیتنے میں کامیاب رہے تاہم اطالوی کلب جووینٹس کا میچ کوپن ہیگن کے ساتھ ایک ایک گول سے برابر رہا۔
ایک اور مضبوط ٹیم ریئل میڈرڈ نے ٹورنامنٹ کا شاندار آغاز کیا۔ اس میچ میں ٹیم کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے ہیٹ ٹرک کی۔ میچ کے بعد رونالڈو کا کہنا تھا کہ یہ آسان میچ نہیں تھا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ٹیم ٹورنامنٹ کا اس سے بہتر انداز میں آغاز نہیں کر سکتی تھی، اور یہ کہ اس سے ٹیم کو بہت حوصلہ ملا ہے۔
دوسری جانب معروف برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیورکوزن کو شکست دی۔ ٹیم کے دونوں اسٹار کھلاڑیوں، وین رونی اور روبن وان پیرسی نے دو دو گول کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔