1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

چیمپئنز لیگ: ڈورٹمنڈ کوارٹر فائنل میں

شامل شمس20 مارچ 2014

یورپی فٹ بال ٹورنامنٹ چیمپئنز لیگ میں بدھ کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں جرمن کلب بوروسیا ڈورٹمنڈ نے روسی کلب زینیٹ سے شکست کے باوجود کوارٹر فائنل تک رسائی حال کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/1BT03
تصویر: picture-alliance/dpa

جرمن کلب بوروسیا ڈورٹمنڈ ہوم گراؤنڈ پر روسی کلب زینیٹ سینٹ پیٹرسبرگ سے دو کے مقابلے میں ایک گول سے شکست کھانے کے باوجود میچ کے پہلے ’’لیگ‘‘ میں برتری اور مجموعی طور پر پانچ چار کے اسکور کی بنیاد پر کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ کئی ہفتوں قبل ڈورٹمنڈ نے پیٹرسبرگ میں زینیٹ کو چار دو سے ہرایا تھا۔ مذکورہ جرمن کلب گزشتہ برس کی چیمپئنز لیگ میں رنر اپ رہا تھا۔ اس برس ایک اور جرمن کلب، بائرن میونخ، اپنے اعزاز کا دفاع کر رہا ہے۔ میونخ کی ٹیم پہلے ہی کوارٹر فائنل میں پیش قدمی کر چکی ہے۔

ڈورٹمنڈ کی ٹورنامنٹ میں یہ تیسری شکست تھی۔ گروپ اسٹیج میں ڈورٹمنڈ نے اطالوی کلب ناپولی اور برطانوی کلب آرسنل سے مات کھائی تھی۔

بدھ کو کھیلے گئے ایک دوسرے میچ میں برطانوی کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یونانی کلب اولمپیاکوس کو تین صفر سے ہرا دیا۔ یونائیٹڈ کی ٹیم پہلے ’’لیگ‘‘ میں اولمپیاکوس سے دو صفر سے ہار گئی تھی اور کوارٹر فائنل اسٹیج تک پہنچنے کے لیے اسے تین گول کرنا ضروری تھے۔ یہ اہم ذمہ داری کلب کے اسٹرائکر روبن وان پیرسی نے پوری کی اور ان کی ہیٹ ٹرک کے سبب مانچسٹر یونائیٹڈ میچ جیتنے میں کامیاب رہا۔ واضح رہے کہ یونائیٹڈ اس برس برطانوی پریمیئر لیگ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پا رہی ہے اور کلب کے نئے کوچ ڈیوڈ موئیس کو بری کارکردگی پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بدھ کو کھیلے گئے میچ میں فتح کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ موئیس پر پڑنے والے دباؤ میں کمی واقع ہوگی۔

منگل، اٹھارہ مارچ کو چیمپئنز لیگ میں کھیلے گئے دو میچوں کا نتیجہ حسب توقع رہا۔ برطانوی کلب چیلسی نے ترک کلب گالاتاسرائے کو دو ایک سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی جب کہ ریئل میڈرڈ نے شالکے کو ہرا کر اگلے دور میں پیش قدمی کر لی۔ یہ چیمپئنز لیگ کے مقابلوں میں ان ٹمیوں کو دوسرا ’’لیگ‘‘ تھا۔ پہلے لیگ میں چیلسی اور گالاتاسرائے کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا جب کہ میڈرڈ نے شالکے کو شالکے ہی کے گراؤنڈ میں چھ ایک سے شکست دی تھی۔ منگل کے روز میچ میڈرڈ اور چیلسی کے گراؤنڈز پر کھیلے گئے۔

پیرس سینٹ جیرمین، بائرن میونخ اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید