1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرپشن کی تحقیقات: سابق فرانسیسی صدر سارکوزی حراست میں

مقبول ملک1 جولائی 2014

سابق فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کو مالیاتی بدعنوانی کی چھان بین کرنے والے حکام نے حراست میں لے لیا ہے۔ ان سے کرپشن کے ایسے واقعے سے متعلق پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جس نے فرانس کے قدامت پسند سیاسی حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CTNi
نکولا سارکوزیتصویر: Reuters

فرانسیسی دارالحکومت سے آمدہ رپورٹوں کے مطابق سابق صدر سارکوزی اس وقت پیرس کے نواح میں نانتئر Nanterre کے مقام پر حکام کی حراست میں ہیں۔ فرانسیسی عدلیہ کے ایک اہلکار نے جس کا نام ظاہر نہیں کیا جا سکتا، منگل کے روز خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ گفتگو میں تفصیلات بتائے بغیر تصدیق کی کہ نکولا سارکوزی سے پوچھ گچھ مالیاتی بدعنوانی کے ایک بڑے واقعے میں جاری تحقیقات کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔

Francois Hollande bei EU-Gipfel in Brüssel
موجودہ فرانسیسی صدر اولانڈتصویر: picture-alliance/dpa

فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق قدامت پسند صدر سارکوزی سے تفتیش ان مالی وسائل کے حوالے سے کی جا رہی ہے، جو 2007ء میں ان کی صدارتی انتخابی مہم کے لیے استعمال کیے گئے تھے۔ اس وقت سارکوزی کے خلاف چھان بین کا محور یہ نکتہ ہے کہ آیا ماضی میں صدارتی انتخابی مہم کے لیے مالی وسائل سے متعلق کی جانے والی تفتیش اور دیگر اندرونی معلومات سے ایک ’دوست‘ مجسٹریٹ نے نکولا سارکوزی اور ان کے وکیل کو درپردہ باخبر رکھا تھا۔

فرنچ میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق اس وقت سارکوزی کے وکیل تھیئری ہیرسوگ بھی حکام کی حراست میں ہیں اور ان سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ تاہم سارکوزی اور ہیرسوگ دونوں ہی اس بات سے انکاری ہیں کہ وہ کسی غلط کام کے مرتکب ہوئے تھے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کرپشن کی چھان بین کرنے والے فرانسیسی محکمے کے حکام نے اپنی تفتیش اور شبہات کی بنیاد جزوی طور پر اس ٹیلی فون گفتگو کو بنایا ہے، جس کے ریکارڈ کیے جانے کی تصدیق ہو جانے کے بعد سارکوزی نے اس ریکارڈنگ کی مذمت کی تھی۔ سارکوزی نے اس عمل کو سابقہ مشرقی جرمنی کی کمیونسٹ ریاست کی خفیہ پولیس کی کارروائیوں سے تشبیہ دی تھی۔

Jacques Chirac 2011
سابق صدر شیراک کو 2011ء میں دو سال کی معطل سزائے قید سنائی گئی تھیتصویر: picture-alliance/dpa

نکولا سارکوزی 2012ء کے فرانسیسی صدارتی الیکشن میں سوشلسٹ امیدوار اور موجودہ صدر فرانسوا اولانڈ سے ہار گئے تھے۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ دوبارہ سیاست میں واپسی کی تیاریاں کر رہے ہیں لیکن مبینہ کرپشن کے سلسلے میں جاری تحقیقات کے دوران گرفتاری کے باعث ان کی سیاسی ساکھ مزید خطرے میں پڑ گئی ہے۔

سارکوزی کی قدامت پسند جماعت UMP کو پہلے ہی 2012ء کی صدارتی انتخابی مہم کے لیے مالی وسائل کے حوالے سے کئی سوالوں اور قیادت کے بحران کا سامنا ہے۔ سارکوزی کے زیر حراست ہونے کی تصدیق کے بعد یو ایم پی میں سابق صدر کے سیاسی اتحادیوں نے منگل یکم جولائی کے روز کہا کہ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں کسی بھی سابق فرانسیسی صدر پر اس طرح کا برا سلوک مسلط نہیں کیا تھا۔

فرانس کے سابق صدر ژاک شیراک کو بھی عہدہ صدارت سے رخصتی کے بعد اپنے خلاف بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہیں 2011ء میں سزا بھی سنا دی گئی تھی لیکن مجرم قرار دیے جانے سے قبل جب ان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی، تو پولیس نے انہیں کبھی حراست میں نہیں رکھا تھا۔

نکولا سارکوزی کے حراست میں لیے جانے کے حوالے سے پیرس میں ملکی حکومت کے ایک ترجمان نے کہا، ’’محکمہ انصاف کی طرف سے چھان بین جاری ہے۔ انہیں اپنی ذمہ داری انجام دینا ہے۔ نکولا سارکوزی بھی کسی بھی دوسرے شہری کی طرح قانون کو جواب دہ ہیں۔‘‘