کوسٹا کنکورڈیا کے گہرے سمندر کی جانب پھسلنے کا عمل شروع
19 جنوری 2012بدھ کے روز حادثے کا شکار کروز شِپ میں پھنسی لاشوں کی تلاش کا عمل معطل کردیا گیا تھا اور اس کی وجہ چٹان پر ٹھہرے بحری جہاز کا سمندر کی جانب پھسلنا تھا۔ اس خدشے کا اظہار نیوی کے ماہرین پہلے ہی کر چکے ہیں۔ اطالوی کوسٹ گارڈز کے ترجمان فیلیپو مارینی (Filippo Marini) کے مطابق جہاز کے پھسلنے کا عمل رک چکا ہے اور جمعرات کی صبح لاپتہ افراد کی تلاش کا عمل ایک بار پھر شروع کیا جائے گا۔ یہ جہاز اِس وقت اُسی چٹان پر دراز ہے لیکن سمندری پانی میں موجوں کی ہلچل کی وجہ سے اس بحری جہاز کے غرق ہونے کا خدشہ ہے۔ کوسٹا کنکورڈیا جس چٹان پر اٹکا ہوا ہے، اس کے ارد گرد سمندر کی گہرائی سو میٹر سے زائد ہے۔ نیوی کے ماہرین کے خیال میں کروز شپ جلد یا بدیر اس گہرائی میں پہنچے جائے گا۔
کروز شپ کے حادثے کی تفتیش کرنے والی جج ولیری مونٹی سارکیو (Valeria Montesarchio) نے کہا ہے کہ بحری جہاز کے کپتان فرانچیسکو شیٹینو نے اپنی ذمہ داریوں سے دامن چھڑانے کی کوشش کی اور ان کے جہاز پر واپس لوٹنے کی کسی سنجیدہ کوشش کا آثار نہیں ملتا۔ جج کے مطابق بظاہر کپتان کے حادثے کے بعد فرار کی شہادت میسر نہیں لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ بنیادی شواہد کو چھپانے کی کوشش میں ہے اور اسی باعث انہیں نظر بند کیا گیا ہے۔ جہاز کے کپتان کے ساتھ پولیس اور استغاثہ کی تفتیش کا عمل بھی جاری ہے۔ تفتیشی عمل کے مسودے کی تفصیلات عام ہونے سے جہاز کے کپتان فرانچیسکو شیٹینو کی غلطی کا احساس ہوتا ہے۔ اس تفتیشی عمل کے دوران شیٹینو کا کہنا تھا کہ جہاز کا رخ موڑنے میں ان سے تاخیر ہوئی ہے۔
تفتیشی جج کو اپنا بیان دیتے ہوئے لگژری بحری جہاز کے کپتان کا کہنا تھا کہ وہ جزیرے گگلیو پر اپنے ایک پرانے اور سینئر ساتھی کیپٹن کو سلیوٹ کرنے کی خواہش کے تحت بحری جہاز کو جزیرے کی ساحل کے قریب لے گیا تھا۔ شیٹینو کے مطابق وہ بحری جہاز کا رخ اس جزیرے کے قریب پہلے بھی تین چار مرتبہ تبدیل کر چکا ہے لیکن اس مرتبہ جہاز کو موڑنے میں تاخیر انتہائی خطرناک ثابت ہوئی۔ جج ولیری مونٹی سارکیو نے منگل کے روز کپتان فرانچیسکو شیٹینو کو نظر بند کرنے کے احکامات صادر کیے تھے۔ ایسے امکان بڑھ گیا ہیں کہ جہاز کے کپتان پر بِلا ارادہ و بِلا بُغض انسانوں کو ہلاک کرنے کا مقدمہ دائر ہو سکتا ہے۔ جہاز کے اندر ابھی بھی بیس لاپتہ افراد کی تلاش باقی ہے۔ اب تک گیارہ لاشیں ڈھونڈی جا چکی ہیں۔
کوسٹا کنکورڈیا کی ملکیتی کمپنی Costa Crociere پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ جہاز کا حادثہ کپتان کی غلطی سے ہوا ہے اور اس نے دانستہ جہاز کے مقرر کردہ روٹ میں تبدیلی کی تھی۔ اطالوی میڈیا کے مطابق جہاز کا کپتان شیٹینو اس وقت اٹلی بھر میں انتہائی ناپسندیدہ شخص بن چکا ہے۔ دوسری جانب انشورنش انڈسٹری نے اس حادثے کو سمندری دنیا کا سب سے بڑا حادثہ قرار دیا ہے۔ جہاز کی انشورنس پانچ سو ملین ڈالر سے زائد میں کروائی گئی تھی۔
اطالوی وزیر اعظم ماریو مونٹی کا کہنا ہے کہ اس حادثے سے یقینی طور پر بچا جا سکتا تھا۔ مونٹی کے مطابق ان کی حکومت حادثے کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی کے امکان کو کم سے کم کرنے کی کوشش میں ہے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل