کیلیفورنیا میں طوفان، تین لاکھ گھر تاریکی میں ڈوب گئے
8 جنوری 2023ماہرین موسمیات نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں اور مزید برفباری کی وارننگ دی ہے۔ نیشنل ویدر سروس نے اگلے ہفتے کے دوران ''ماحولیاتی خرابی اور مزید شدت کی طوفانی بارش اور برف باری ‘‘ سے متنبہ کیا ہے کیونکہ کئی دنوں کی شدید بارشوں نے پہلے ہی پورے خطے میں تباہی مچا دی ہے۔
امریکہ کی اس جنوب مغربی ریاست کی سڑکوں پر گزشتہ دنوں کی طوفانی بارش کے سبب متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں اور کاروبار زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو گیا۔ کیلیفورنیا کے مرکزی علاقے سیکرامنٹو اور اس کے آس پاس کے علاقے کے تین لاکھ سے زیادہ صارفین کی بجلی منقطع ہوگئی اور کم از کم چھ افراد لقمہ اجل بن چُکے ہیں۔
کیلیفورنیا میں موسم کی پیش گوئی
امریکہ نیشنل ویدر سروس کے سیکرامنٹو کے دفتر نے اتوار کی صبح ٹوئیٹ کے ذریعے ایک پیغام میں بتایا کہ'' 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں، ساتھ ہی بجلی کی معطلی کے ساتھ متعدد درخت اور بجلی کی لائنیں گر گئی ہیں۔‘‘ محکمہ موسمیات نے مزید پیشگوئی کی ہے کہ پیر نو جنوری کو شدید طوفان متوقع ہے اور اس ریاست کے شمال اور وسط میں ممکنہ سیلاب کی وارننگ دی گئی ہے جس دوران چھ سے بارہ انچ بارش ہونے کی توقع ہے۔ خاص طور سیکرامنٹو کے پہاڑی علاے کے دامن میں بارش کی شدت مزید مشکلات کا باعث بن سکتی ہے۔
لاس اینجلس کی صورتحال
لاس اینجلس کے علاقے میں ویک اینڈ پر ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔ اب پیر کو طوفانی حالات کے ساتھ آٹھ انچ تک کی بارش کی توقع کی جا رہی ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے مطابق منگل تک ساحلی علاقے میں مغرب کی طرف سے بڑی لہریں متوقع ہیں۔
26 دسمبر سے سن فرانسسیسکو میں اب تک 10 انچ بارش ہو چُکی ہے۔ جبکہ ماموتھ ماؤنٹینز جو کہ ایک مشہور برفانی علاقہ ہے جہاں سیاح اسکیننگ کے لیے آتے ہیں، میں 10 فٹ برف باری ہو چُکی ہے۔
ریاستی موسمیاتی ماہر مائیکل اینڈرسن نے سنیچر کی رات دیر سے ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ ہفتے کے روز سے موسمیاتی حکام پیر کو متوقع طوفان کے ساتھ ساتھ اُس کے بعد کی طوفانی لہر پر بھی نظر رکھے ہوئے تھے۔
ک م/ ا ب ا(روئٹرز، اے ایف پی)