1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گیند لگنے سے امپائر ہلاک بھی ہو سکتا ہے، روڈنی مارش

عاطف بلوچ2 ستمبر 2015

آسٹریلوی قومی کرکٹ ٹیم کے سلیکٹر روڈنی مارش کا کہنا ہے کہ ’نو بال‘ کے موجودہ قانون میں ترمیم نہ کی گئی تو نان اسٹرائکنگ اینڈ پر کھڑا امپائر بلے باز کے کسی بھی خطرناک اسٹروک کے نتیجے میں ہلاک بھی ہو سکتا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GQGt
Cricket Halbfinale Australien vs Indien in Sydney
آسٹریلوی کھلاڑی میچ کے دوران امپائر سے بحث کرتے ہوئےتصویر: Reuters/D. Gray

آسٹریلوی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر اور سلیکٹرز کے چیئرمین روڈنی ولیم مارش نے زور دیا ہے کہ میچ کے دوران نان اسٹرائکنگ اینڈ پر امپائر کو وکٹ سے کچھ دور کھڑا ہونا چاہیے تاکہ اگر کوئی بلے باز اس کی طرف سیدھا اسٹروک بھی کھیلے تو اس کے پاس سنبھلنے کا وقت ہو۔ 67 سالہ مارش کے بقول، ’’ایسا ہو سکتا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ یا فرسٹ کلاس کرکٹ میں کوئی امپائر اگر ہلاک نہ بھی ہو تو شدید زخمی ہو جائے۔‘‘

روڈنی مارش نے اپنے منگل کے دن سالانہ ’ایم سی سی اسپرٹ آف دا کرکٹ لیکچر‘ کے دوران کہا کہ آج کل کرکٹ بہت تیز ہو چکی ہے اور بالخصوص ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں نے اسے امپائرز کے لیے اور بھی زیادہ خطرناک بنا دیا ہے، ’’آپ خود کو امپائر کی جگہ رکھ کر سوچیں۔ جب بلے باز خطرناک طریقے سے سیدھی شاٹ لگائے اور گیند ہوا میں اڑتی ہوئی ایمپائر کے سینے تک کی بلندی پر اس تک پہنچے تو کیا ہو گا؟‘‘

مارش نے اس صورتحال کو انتہائی سنگین قرار دیتے ہوئے مزید کہا، ’’میں بطور امپائر، ذاتی طور پر وکٹ سے جتنا ممکن ہو سکے، اتنا دور کھڑا ہونا چاہوں گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر ’نو بال‘ کے حوالے سے پرانے قانون کو دوبارہ لاگو کر دیا جائے تو امپائر وکٹ سے دو میٹر دور کھڑا ہونے کے قابل ہو جائے گا۔ کرکٹ میں ’فرنٹ فٹ‘ نو بال کا قانون 1963ء میں متعارف کرایا گیا تھا۔ اس سے قبل کرکٹ میں نو بال قرار دیے جانے کے لیے ’بیک فٹ‘ کا پیمانہ رائج تھا۔

Phillip Hughes Verletzung in Sydney 25.11.2014
آسٹریلوی نوجوان بلے باز فلپ ہیوز کی ہلاکت کی وجہ ایک باؤنسر بنا تھاتصویر: Getty Images/M. Metcalfe

روڈنی مارش نے اصرار کرتے ہوئے کہا کہ اگر موجودہ وقت میں انہیں امپائرنگ کرنا پڑ گئی تو وہ بیس بال ہیلمٹ پہننے کے علاوہ سینے، پنڈلیوں اور پیٹ کو محفوظ بنانے کے لیے بھی انتظامات کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شاید کرکٹ میں امپائرز کے لیے ایسے حفاظتی انتظامات کو متعارف کرا دینا چاہیے۔

کرکٹ کی تاریخ میں ابھی تک گیند لگنے کی وجہ سے دوران میچ کوئی امپائر ہلاک یا شدید زخمی نہیں ہوا تاہم حال ہی میں آسٹریلوی نوجوان بلے باز فلپ ہیوز کی ہلاکت کی وجہ ایک باؤنسر بنا تھا، جس کے بعد کرکٹ میں حفاظتی انتظامات کے تناظر میں ایک نئی بحث شروع ہو گئی تھی۔ میدان میں کھلاڑیوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اب آن فیلڈ امپائرز کے سلامتی کے حوالے سے بھی مختلف خدشات جنم لے چکے ہیں۔