یورپ لیگ کا تاج پھر ہسپانوی کلب کے سر پر
15 مئی 2014اس طرح بدھ چَودہ مئی کی شام ایف سی اشبیلیہ نے 2006ء کے بعد سے تیسری مرتبہ یہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ آٹھ برسوں میں اس تیسری کامیابی کے ہیرو اشبیلیہ کے گول کیپر بیٹو تھے، جو بنیادی طور پر پرتگال سے رکھتے ہیں اور جو دو پنلٹی کِکس روکنے میں کامیاب رہے۔ اس سے پہلے تینتیس ہزار سے زائد تماشائیوں کے سامنے کھیلے جانے والے میچ میں ایک سو بیس منٹ کے بعد بھی مقابلہ صفر صفر سے برابر رہا تھا۔ ان تماشائیوں میں سے بارہ ہزار اشبیلیہ کے شہری تھے۔
بینفیکا لزبن کے لیے کل کے فائنل میں یہ شکست اس لحاظ سے بھی کڑوی ہے کہ نہ صرف یہ کلب گزشتہ سال بھی اس ٹورنامنٹ کا فائنل ہار گیا تھا بلکہ گزشتہ باون برسوں میں آٹھویں مرتبہ ایسا ہوا کہ یہ ٹیم اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ کر شکست سے دوچار ہو گئی۔ بینفیکا لزبن کی ٹیم کئی اچھے مواقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی تاہم ٹیم کے کوچ یورقے جیزز پھر بھی اپنی ٹیم کی کارکردگی پر مطمئن تھے۔ اُنہوں نے کہا ’بہترین ٹیم جیت نہیں پائی، بینفیکا کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی جانی چاہیے، کچھ بھی ایسا نہیں ہے، جسے مَیں ہدفِ تنقید بنا سکتا ہوں‘۔
گزشتہ شام جیسے ہی پنلٹی شُوٹ آؤٹ کا سلسلہ ختم ہوا، اشبیلیہ میں ہزارہا ہسپانوی شہری اپنے گھروں سے نکل کر سڑکوں پر آ گئے اور پھر رات دیر گئے تک اپنی فٹ بال ٹیم کی کامیابی کا جشن مناتے رہے۔
اگرچہ بدھ کے فائنل میچ میں اشبیلیہ کی ٹیم پاس دینے میں وہ مہارت نہیں دکھا پائی، جو کہ اسپین کی قومی ٹیم یا پھر بارسلونا کا خاصا ہے تاہم اُس کی پنلٹی کارنر لینے اور بچانے کی تکنیک شاندار رہی۔ اس شعبے میں اشبیلیہ کی ٹیم نے اُسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے ساتھ اسپین کی قومی ٹیم نے 2012ء کی یورپی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پرتگال کو شکست سے دوچار کیا تھا۔
اشبیلیہ کی اس کامیابی کا مطلب یہ ہے کہ فٹ بال کے رواں سیزن میں تمام اہم فٹ بال ٹائیٹل اسپین کے پاس چلے جائیں گے کیونکہ چوبیس مئی کو چیمپئنز لیگ کا فائنل بھی ریال میڈرڈ اور اٹلیٹیکو میڈرڈ کی صورت میں دو ہسپانوی ٹیموں ہی کے مابین کھیلا جانے والا ہے۔ اسی طرح جب اگست میں یوئیفا سپر کپ کے اگلے سیزن کا آغاز ہو گا تو بھی پہلا میچ دو ہسپانوی چیمپئن ٹیموں ہی کے مابین کھیلا جائے گا۔ لیکن اُس سے بھی پہلے فٹ بال کا عالمی کپ کھیلا جانے والا ہے اور یہ اعزاز بھی اسپین کے حصے میں آ سکتا ہے۔
بارہ جون سے برازیل میں شروع ہونے والے ورلڈ فٹ بال کپ کے مقابلوں میں اسپین اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔