1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ویسٹ انڈیز آؤٹ، سری لنکا اِن

عابد حسین4 اپریل 2014

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے بارش سے متاثرہ پہلے سیمی فائنل میچ میں سری لنکن ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔ بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لُوئیس سسٹم کے تحت کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/1BbgS
تصویر: Reuters

بنگلہ دیش کی میزبانی میں کھیلے جانے والے کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل جمعرات کے روز ڈھاکہ کے نواحی علاقے میرپور میں واقع کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ بارش سے متاثرہ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرنے سے قاصر رہی۔ اب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں سری لنکا کی ٹیم آج کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میچ کی فاتح سے نبرد آزما ہو گی۔ دوسرا سیمی فائنل میچ جنوبی افریقہ اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

T-20 Cricket Weltmeisterschaft West Indies
کرس گیل سیمی فائنل میں پوری طرح ناکام رہےتصویر: picture-alliance/dpa

میچ کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ آسمانی مدد کسی حد تک سری لنکا کے فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں شامل رہی ہے۔ سیمی نے بارش سے میچ کے متاثر ہونے پر خاصی مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی ٹیم ٹارگٹ کے حصول میں کامیاب ہو سکتی تھی لیکن ڈک ورتھ لُوئیس سسٹم نے اُنہیں ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ ژالہ باری کے حوالے سے ویسٹ انڈیز ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ یہ اُن کے لیے انوکھا تجربہ تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ لوگ اُن پر پتھر برسا رہے ہیں۔

میرپور کے کرکٹ اسٹیڈیم میں جب بارش اور ژالہ باری شروع ہوئی، اُس وقت چودہویں اوور کا کھیل جاری تھا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم 161 اسکور کے ٹارگٹ میں ابھی نصف ہی میں یعنی 80 کے اسکور تک ہی پہنچ پائی تھی۔ بقیہ اوور میں رن ریٹ تقریباً 20 کے قریب پہنچ گیا تھا۔ مبصرین کے مطابق چار اہم کھلاڑیوں کے آؤٹ ہو جانے کے بعد ٹارگٹ کا حصول مشکل ہو چکا تھا اور فی اوور رن ریٹ بھی ویسٹ انڈیز کی دسترس سے قدرے باہر ہو گیا تھا۔

Lasith Malinga
لاسیتھ ملنگا نے شاندار باولنگ کا مظاہرہ کیاتصویر: AP

سری لنکا کی ٹیم کے کپتان لاسیتھ ملنگا نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ لاہیرُو تھریمانے 44 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکور کرنے والے تھے۔ تھریمانے کے علاوہ اینجیلو میتھیوز 40 اور تلکرتنے دلشن 39 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ سری لنکن ٹیم نے میچ شروع ہونے پر پہلے چار اووروں میں 40 اسکور کر لیا تھا۔ سیمی فائنل میں سری لنکا کے تجربہ کار بیٹسمین مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگاکارا کوئی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ بیس اوورز میں سری لنکا کی ٹیم 160 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

ویسٹ انڈیز نے ٹارگٹ کے حصول کا آغاز تو بہت عمدہ کیا۔ پہلے اوور میں اسکور 17 پر پہنچ گیا لیکن بعد میں لاسیتھ ملنگا نے ایک ہی اوور میں دھواں دھار بیٹنگ کرنے والے کرِس گیل اور ڈیوائن اسمتھ کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اس میچ میں سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے باقاعدہ کپتان دینیش چَندی مَل کی جگہ لاسیتھ ملنگا کپتانی کے فرائض بھی سرانجام دے رہے تھے۔ میچ میں شاندار کارکردگی پر اینجیلو میتھیوز کو بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وہ 23 گیندوں پر 40 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید