1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، پندرہویں میچ ڈے کا اختتام

5 دسمبر 2011

بنڈس لیگا کے سلسلے میں اتوار کو کھیلے گئے میچوں میں ہیمبرگ نے نیورمبرگ کو دو صفر سے ہرا دیا جبکہ شالکے نے آؤگسبرگ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

https://p.dw.com/p/13MYS
شالکے کے اسٹار کھلاڑی Klaas-Jan Huntelaarتصویر: dapd

بنڈس لیگا یا فیڈرل جرمن فٹ بال لیگ کے پندرہویں میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن کُل دو میچ کھیلے گئے۔ ان میں شالکے اور ہیمبرگ کو کامیابی ملی۔ شالکے نے آؤگسبرگ کو شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ آؤگسبرگ کی ٹیم لیگ ٹیبل پر سب سے آخری یعنی اٹھارہویں پوزیشن سے اوپر آنے میں بدستور ناکام رہی ہے۔

اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں شالکے کے اسٹار کھلاڑی Klaas-Jan Huntelaar نے انفرادی طور پر بنڈس لیگا کے رواں سیزن میں تیرہواں گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ رواں سیزن میں ہی زخمی ہو جانے والے اس کھلاڑی نے آؤگسبرگ کے خلاف کھیلے گئے اس میچ میں بھی اپنی ٹوٹی ہوئی ناک کی حفاظت کے لیے ماسک پہن رکھا تھا۔

Fußball 1. Bundesliga Hamburger SV - 1. FC Nuernberg
ہیمبرگ کی ٹیم نے نیورمبرگ کو ایک آسان میچ میں دو صفر سے مات دے دیتصویر: dapd

اتوار ہی کے روز کھیلے گئے دوسرے میچ میں ہیمبرگ کی ٹیم نے نیورمبرگ کو ایک آسان میچ میں دو صفر سے مات دے دی۔ اس میچ میں ہیمبرگ کی ٹیم نے اپنے نئے کوچ ٹورسٹن فِنک کی رہنمائی میں اعلٰی کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ناقدین کے بقول فِنک نے ہیمبرگ کے کھلاڑیوں میں ایک نئی روح پھونک دی ہے۔ ہیمبرگ نے اس جیت کے بعد پوائنٹس ٹیبل پرگیارہویں پوزیشن سنبھال لی ہے جبکہ نیورمبرگ کی ٹیم پندرہویں نمبر پر چلی گئی ہے۔

بنڈس لیگا کے پندرہویں میچ ڈے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت پہلے نمبر پر میونخ کی ٹیم براجمان ہے۔ بائرن میونخ کی ٹیم نے پندرہ میچ کھیل کر اکتیس پوائنٹ حاصل کر رکھے ہیں۔ ڈورٹمنڈ اور مؤنشن گلاڈ باخ دونوں کے ہی تیس تیس پوائنٹس ہیں لیکن اچھی گول اوسط کی بنیاد پر دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کی پوزیشن دوسری بنتی ہے۔ اتوار کو کامیابی حاصل کرنے کے بعد شالکے نے لیگ ٹیبل پر اب اٹھائیس پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ ویردر بریمن کی ٹیم چھبیس پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر جبکہ بائر لیورکوزن اپنے پچیس پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

بنڈس لیگا کے سولہویں میچ ڈےکا آغاز آئندہ جمعے کو ہوگا، جو تین دن جاری رہنے کے بعد اتوار کو مکمل ہو گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں