1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، میونخ کی ایک اور جیت

7 نومبر 2011

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے بارہویں میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن کھیلے گئے میچوں میں میونخ نے آوگسبرگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے دی جبکہ شالکے اور ہینوور کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔

https://p.dw.com/p/1365I
میونخ کے ماریو گومز اور ٹونی کراؤستصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے دوران پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر کی ٹیم میونخ نے آوگسبرگ کو شکست دے کر اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنا لی ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے اس میچ میں میونخ کے اسٹرائیکر ماریو گومز نے جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے رواں سیزن میں انفرادی طور پر تیرہواں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی۔ انہوں نے یہ گول میچ کے 16ویں منٹ میں کیا۔ گومز نے رواں سیزن کے دوران اٹھارہ میچوں میں بیس گول کرنے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔

میونخ کی طرف سے دوسرا گول فرانس کے کھلاڑی فرونک ریبیری نے 28 ویں منٹ میں کیا جبکہ آوگسبرگ کی طرف سے میچ کا واحد گول جاپانی اسٹرائیکر Hajime Hosogai نے کیا۔

اندازوں کے برعکس پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نچلی یعنی اٹھارہویں پوزیشن پر موجود ٹیم آوگسبرگ نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دوسرے ہاف میں میونخ کے مڈ فیلڈر اناطولی تیموش چُک کو فاؤل کھیلنے پر ریفری نے سرخ کارڈ دکھا کے باہر کر دیا۔ بالخصوص جب آوگسبرگ نے 59 ویں منٹ میں گول کیا تو میچ کا باقی حصہ کافی جاندار رہا۔ اس دوران میونخ کی نمائندگی کرنے والے جرمن قومی فٹ بال ٹیم کے گول کیپر مینول نائیر نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک یقینی گول بھی روکا۔

Flash-Galerie Fussball, 1. Bundesliga, 12. Spieltag, Hannover 96, FC Schalke 04
شالکے کے کھلاڑی ہینوور کے خلاف گول کرنے کے بعد خوشی مناتے ہوئےتصویر: dapd

میچ کے بعد میونخ کے مڈفیلڈر ٹونی کراؤس نے بھی اعتراف کیا کہ اگرچہ ان کی ٹیم نے پہلے ہاف میں اچھا کھیلا تاہم دوسرے ہاف میں وہ اپنی اتھارٹی برقرار نہ رکھ سکے۔ اس کامیابی کے ساتھ میونخ کے پوائنٹس اٹھائیس ہو گئے ہیں۔ ڈورٹمنڈ، ویردربریمن اور مؤنشن گلاڈ باخ کے تئیس تئیس پوائنٹس ہیں لیکن گول اوسط کی بنیاد پر تینوں ٹیمیں بالتریب دوسرے تیسرے اور چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔

اتوار کو کھیلے گئے دوسرے میچ میں شالکے کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچنے کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہ کر سکی۔ ہینوور اور شالکے کے مابین کھیلا گیا یہ میچ دو دو گول سے برابر ہو گیا۔ شالکے کی ٹیم اس میچ کو ڈرا کرنے کے بعد صرف ایک ہی پوائنٹ حاصل کر سکی اور یوں اب وہ ٹیبل پر بائیس پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ چھٹے نمبر پر ہنیوور ہے، جس کے پوائنٹس انیس بنتے ہیں۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید