1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کا بارہواں میچ ڈے، ڈورٹمنڈ کی ایک اور کامیابی

6 نومبر 2011

بنڈس لیگا کے بارہویں میچ ڈے کے دوسرے دن دفاعی چیمپئن بوروسیا ڈورٹمنڈ نے وی ایف ایل وولفسبرگ کو ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے کر 23 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرا مقام حاصل کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/135nG
لیورکوزن اور ہیمبرگ کے مابین میچ کا منظرتصویر: picture-alliance/dpa

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے رواں سیزن 2011ء اور 2012ء کے دوران 25 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان بائرن میونخ آج یعنی اتوار کو لیگ کی کمزور ترین ٹیم آؤگسبرگ کے خلاف اپنا میچ کھیلے گی۔ آؤگسبرگ نے اب تک کل گیارہ میچ کھیلے ہیں، جن میں سے اسے صرف ایک میں کامیابی ملی ہے۔ اس طرح اس کے پوائنٹس صرف آٹھ ہیں اور وہ سب سے نچلی یعنی اٹھارہویں پوزیشن پر ہے۔

Fußball Bundesliga Dortmund Wolfsburg Flash-Galerie
ڈورٹمنڈ کے ماریو گؤٹز پہلا گول کرنے کے بعد خوشی مناتے ہوئےتصویر: dapd

ہفتہ کے دن مجموعی طور پر چھ میچ کھیلے گئے۔ ان میچوں میں مؤنشن گلاڈ باخ نے BSC Hertha کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے، ویردر بریمن نے کولون کو دو تین سے جبکہ نیورین برگ نے فرائی برگ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ ہوفن ہائم اور کائزرزلاؤٹرن کا میچ ایک ایک اور لیورکوزن اور ہیمبرگ کے مابین کھیلا گیا میچ دو دوگول سے برابر رہا۔

اس وقت ویردربریمن اور مؤنشن گلاڈ باخ کے پوائنٹس بھی تئیس تئیس ہیں تاہم وہ گول اوسط کی بنیاد پر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔

آج اتوار کو بنڈس لیگا کے آخری دن شالکے اور ہینوور کی ٹیمیں بھی ایک اہم میچ میں مد مقابل ہوں گی۔ رواں سیزن پانچویں نمبر پر موجود شالکے کی ٹیم کے پاس موقع ہے کہ وہ یہ میچ جیت کر ٹیبل پر دوسری پوزیشن سنبھال لے۔ گیارہ میچ کھیلنے کے بعد شالکے کے اس وقت 21 پوائنٹس ہیں۔ اگر وہ اس میچ میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو اسے مزید تین پوائنٹس ملیں گے اور یوں اس کے مجموعی پوائنٹس 24 ہو جائیں گے۔

Flash-Galerie Fußball Bundesliga 12. Spieltag TSG 1899 Hoffenheim, 1. FC Kaiserslautern
ہوفن ہائم اور کائزرزلاؤٹرن کے مابین میچ ایک ایک گول سے برابر رہاتصویر: picture-alliance/dpa

تین دنوں پر مشتمل بنڈس لیگا کے ایک میچ ڈے کے دوران لیگ میں شامل اٹھارہ ٹیمیں ایک ایک میچ کھیلتی ہیں۔ اتوار کو لیگ کا بارہواں میچ ڈے مکمل ہو جائے گا اور تمام ٹیمیں بارہ بارہ میچ کھیل چکی ہوں گی۔

تیرہواں میچ ڈے جمعہ اٹھارہ نومبر کو شروع ہو گا اور تین دنوں پر مشتمل یہ میچ ڈے اتوار بیس نومبر کو اختتام پذیر ہو گا۔ اس میچ ڈے کے دوسرے دن ٹاپ کی دو ٹیمیں میونخ اور ڈورٹمنڈ آپس میں ٹکرائیں گی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں