1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہوانواتو

جزیرہ وانواتو میں زلزلہ، عمارتیں تباہ، ہلاکتوں کی اطلاعات

17 دسمبر 2024

منگل کو بحرالکاہل میں واقع وانواتو کے دارالحکومت پورٹ ویلا میں غیر ملکی سفارت خانوں سمیت متعدد دیگر عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا جن کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/4oFdM
پورٹ ویلا میں ریسکیو اہلکار شدید زلزلے کے بعد منہدم ہونے والی عمارت کے قریب امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں
وانواتو کے ساحلی علاقے میں آنے والے زلزلے کی  شدت ریکٹر سکیل پر  7.3 ریکارڈ کی گئیتصویر: AFP

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، بحرالکاہل میں جزائر پر مشتمل ریاست وانواتو کے ساحلی علاقے میں آنے والے زلزلے کی  شدت ریکٹر سکیل پر  7.3 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کے فوراﹰ بعد ہی 5.5 شدت کا ایک آفٹر شاک محسوس کیا گیا اور پھر اگلے چند گھنٹوں تک کم شدت کے مزید جھٹکے محسوس کیے جاتے رہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پورٹ ویلا میں ایک چار منزلہ عمارت کی نچلی منزل جہاں امریکی، فرانسیسی اور دیگر ممالک کے سفارت خانے قائم تھے، کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

تاہم، پاپوا نیو گنی میں قائم امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمارت میں موجود سفارتی عملے کو باحفاظت نکال لیا گیا اور وہ محفوظ اور خیریت سے ہیں۔ سفارت خانے کو مزید اطلاعات آنے تک بند کر دیا گیا ہے۔

ایک مقامی رہائشی مائیکل تھامسن نے اے ایف پی کو سیٹلائٹ فون کے ذریعے بتایا  ’’شہر کی عمارتوں کے ملبے تلے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ جب ہم وہاں سے گزرے تو لاشیں پڑی ہوئی تھیں۔‘‘

زلزلے سے متاثر ہونے والی سفارت خانے کی عمارت
زلزلے سے ایک چار منزلہ عمارت کی نچلی منزل جہاں امریکی، فرانسیسی اور دیگر ممالک کے سفارت خانے قائم تھے، شدید متاثر ہوئیتصویر: AFP

انہوں نے مزید بتایا کہ زلزلے کے دوران مٹی کا تودہ ایک بس پر آگرا، جس کے نتیجے میں بس میں سوار افراد کی ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے۔ زلزلے میں سفارت خانوں کی عمارت کے ساتھ ساتھ کم از کم دو پلوں اور دیگر کئی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔

امریکی، فرانسیسی، برطانوی اور آسٹریلوی سفارت خانوں کے ساتھ نیوزی لینڈ کے ہائی کمیشن کا دفتر بھی اسی عمارت میں واقع تھا۔

تین لاکھ بیس ہزار کی آبادی پر مشتمل جزیرہ نما وانواتو 'رنگ آف فائر‘ کے علاقے میں واقع ہے۔ یہ جنوب مشرقی ایشیا سے لے کر بحر الکاہل تک پھیلا ایک بڑا خطہ ہے جو زلزلوں اور آتش فشاں سے شدید متاثر ہے۔

مٹی کے تودے اور بڑے پتھر بین الاقوامی شپنگ ٹرمینل پر بھی گرے۔ تاہم اے ایف پی کی تصدیق شدہ تصاویر کے مطابق پورٹ کی عمارتوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

تھامسن نے مزید بتایا کہ زلزلے کی وجہ سے بیشتر موبائل نیٹ ورکس منقطع ہو گئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ تاہم، زخمی افراد کو ملبے سے نکال کر فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے بیرون ملک سے ماہر ریسکیو ٹیموں کی مدددرکار ہے۔

 پورٹ ویلا میں شدید زلزلے کے بعد ایک سڑک کے آس پاس ملبے کا ڈھیر دکھائی دے رہا ہے
وانواتو دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو قدرتی آفات جیسے زلزلے، طوفان، سیلاب اور سونامی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیںتصویر: Guo Xinhui/Xinhua/IMAGO

سڈنی میں مقیم فارماسسٹ نبھائے نند کا کاروبار جنوبی بحر الکاہل کے مختلف علاقوں میں پھیلا ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پورٹ ویلا میں موجود اپنے عملے سے بات کی ہے جن کے مطابق وہاں ان کی بیشتر دکانیں تباہ ہو چکی ہیں اور قریبی عمارتیں گر گئیں ہیں۔

نبھائے نند نے بتایا کہ وہ اور ان کے عملے کے لوگ فی الحال مکمل طور پر اس بات کا اندازہ نہیں لگا سکتے کہ یہ زلزلہ کتنی بڑی تباہی اور نقصان کا باعث بنے گا۔

زلزلے کے بعد علاقے میں سونامی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی جسے جلد ہی پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے واپس لے لیا تھا۔

آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ، ’’وانواتو ہمارے خاندان کی طرح ہے اور ہم ہمیشہ مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔‘‘

عالمی خطرات سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق، وانواتو دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جو قدرتی آفات جیسے زلزلے، طوفان، سیلاب اور سونامی سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔

ح ف / ک م (اے ایف پی)

تائیوان میں طاقت ور زلزلہ، متعدد ہلاکتیں