غزہ کے ہیومینیٹیرین زون میں اسرائیلی حملہ، گیارہ ہلاکتیں
2 جنوری 2025اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعرات کی صبح جنوبی غزہ پٹی میں ہیومینیٹیرین زون کہلانے والی ایک عارضی خیمہ بستی پر فضائی حملے کیے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق اس حملے میں کم از کم گیارہ افراد ہلاک جب کہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس حملے میں حماس کی داخلی سکیورٹی کے سربراہ کو نشانہ بنایا گیا، جو مبینہ طور پر اس علاقے میں چھپے ہوئے تھے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ حملے سے پہلے شہریوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے گئے تھے۔
فریقین کی جانب سے موصولہ ان اطلاعات کی ابھی تک آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو پائی۔
واضح رہے کہ جنوبی غزہ پٹی میں المواصی کے علاقے میں ایکہیومینیٹیرین زون قائم ہے، جہاں غزہ کے مختلف علاقوں سے ہجرت پر مجبور بے گھر افراد مقیم ہیں۔ اسرائیل ماضی میں بھی المواصی کی مہاجر بستی کو نشانہ بنا چکا ہے۔ اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ جنگجو گروپ حماس نے وہاں اپنے کمانڈ سینٹر قائم کر رکھے ہیں۔
فلسطینی نیوز ایجنسی وفا نے یہ بھی رپورٹ کیا ہے کہ جمعرات کو غزہ کے مختلف حصوں میں اسرائیلی حملوں کے دوران مزید کئی افراد ہلاک ہو گئے۔
جمعرات کو اسرائیل کی جانب سے بتایا گیا کہ اس ساحلی پٹی کے جنوبی حصے میں شدت پسندوں نے اسرائیل کی طرف ایک میزائل داغا، جسے فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ سات اکتوبر دو ہزار تیئیس کو حماس نے جنوبی اسرائیل میں ایک بڑا دہشت گردانہ حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں بارہ سو سے زائد اسرائیلی شہری ہلاک ہو گئے تھے، جن میں بڑی تعداد عام شہریوں کی تھی۔ یہ جنگجو قریب ڈھائی سو افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ غزہ بھی لے گئے تھے۔
اس کے بعد اسرائیل نے غزہ میں ان فلسطینی جنگجوؤں کے خلاف بڑی فضائی اور زمینی عسکری کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔ فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر سن 2023 سے اب تک غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں اور فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد اب پنتالیس ہزار پانچ سو سے زائد ہو چکی ہے۔
خان یونس میں بھی چھ افراد ہلاک
غزہ پٹی کے طبی ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی ایک عمارت پر ایک اسرائیلی فضائی حملے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق غزہ پٹی میں حماس کے زیر نگرانی کام کرنے والی وزارت داخلہ کےہیڈکوارٹرز کی عمارت پر کیے گئے اس حملے میں عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
اسرائیلی یرغمالی کی خودکشی کی کوشش
غزہ میں فعال جنگجو تنظیم جہاد اسلامی کا کہنا ہے کہ ایک اسرائیلی یرغمالی نے خودکشی کی کوشش کی۔
اس مسلح تنظیم کے ایک ترجمان نے سماجی رابطوں کی ایپ ٹیلیگرام پر ایک ویڈیو میں بتایا کہاس تنظیم کے زیر قبضہ ایک اسرائیلی یرغمالی نے اپنی جان لینے کی کوشش کی۔ اس گروہ کے مطابق ایک طبی ٹیم نے فوری مدد کے ذریعے اس یرغمالی کو موت سے بچا لیا۔ اس حوالے سے تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
فلسطینی اتھارٹی نے الجزیرہ کی نشریات معطل کر دیں
فلسطینی خود مختار اتھارٹی نے قطری ریاستی فنڈنگ سے چلنے والے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی نشریات مغربی کنارے میں معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ فلسطینی اتھارٹی کا الزام ہے کہ یہ نشریاتی ادارہ لوگوں کو اکسانے میں مصروف ہے۔
ع ت / ع ب، م م (روئٹرز، اے ایف پی، اے پی، ڈی پی اے)