1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمقبوضہ فلسطینی علاقے

غزہ میں اسرائیلی کارروائیاں جاری، مزید اٹھاون افراد ہلاک

23 دسمبر 2024

غزہ پٹی کے علاقے میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں جاری ہیں، جن میں طبی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں مزید اٹھاون افراد مارے گئے۔ آکسفیم کے مطابق اکتوبر سے اب تک شمالی غزہ میں امدادی خوراک کے صرف بارہ ٹرک پہنچے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4oWj2
وسطی غزہ پٹی میں نصیرات کے مہاجر کمیپ پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کا منظر
وسطی غزہ پٹی میں نصیرات کے مہاجر کمیپ پر اسرائیلی فضائی حملے کے بعد کا منظرتصویر: Saed Abu Nabhan/APA Images/ZUMA/picture alliance

غزہ پٹی میں حماس کے زیر انتظام کام کرنے والی وزارت صحت نے پیر 23 دسمبر کے روز بتایا کہ گزشتہ قریب ساڑھے چودہ ماہ سے جاری جنگ کے دوران بری طرح تباہ ہو جانے والی اس بہت گنجان آباد لیکن تنگ ساحلی پٹی میں اسرائیلی دستوں کی عسکری کارروائیوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 58 افراد ہلاک ہو گئے۔

پوپ فرانسس کا ’نسل کشی‘ کے الزامات کی تحقيقات کا مطالبہ

یوں پچھلے برس سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گردانہ حملے کے فوراﹰ بعد شروع ہونے والی اس جنگ میں غزہ پٹی میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد اب بڑھ کر 45,317 ہو گئی ہے۔ مرنے والوں میں بڑی تعداد فلسطینی خواتین اور بچوں کی ہے۔ اس کے علاوہ اس جنگ میں غزہ پٹی میں اب تک زخمی ہونے والے افراد کی تعداد بھی مزید بڑھ کر کم از کم 107,713 ہو گئی ہے۔

فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس، جسے یورپی یونین کے علاوہ امریکہ، برطانیہ اور کئی دیگر ممالک نے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے، کے سات اکتوبر 2023ء کے اسرائیل میں حملے میں 1200 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ واپس غزہ جاتے ہوئے فلسطینی جنگجو تقریباﹰ 250 افراد کو یرغمال بنا کر اپنے ساتھ بھی لے گئے تھے۔ ان میں سے تقریباﹰ سو اب بھی غزہ ہی میں کہیں حماس کے قبضے میں ہیں۔

خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے لیے پناہ گاہ کا کام دینے والا ایک اسکول جو رواں ماہ کی سولہ تاریخ کو ایک اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنا
خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے لیے پناہ گاہ کا کام دینے والا ایک اسکول جو رواں ماہ کی سولہ تاریخ کو ایک اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بناتصویر: Hani Alshaer/Anadolu/picture alliance

بیت لاہیہ کے ہسپتال کے سربراہ کی اپیل

غزہ پٹی کے شمالی حصے میں اب تک کام کرنے والے صرف دو ہسپتالوں میں سے ایک کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے پیر کے روز نیوز ایجنسی اےا یف پی کو بتایا کہ اسرائیلی دستے مبینہ طور پر اس ہسپتال کو اب تک نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل کہ بہت دیر ہو جائے، بین الاقوامی برادری کو مداخلت کرنا چاہیے اور اس ہسپتال پر حملے رکوانا چاہییں۔

غزہ: جنگ بندی کی کوششیں تیز تر، اسرائیلی حملوں میں بیس ہلاکتیں

شمالی غزہ پٹی کے شہر بیت لاہیہ میں کمال عدوان ہسپتال کے ڈائریکٹر حسام ابو صفیہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ان کی قیادت میں کام کرنے والے اس ہسپتال کی صورت حال اسرائیلی دستوں کی طرف سے شیلنگ کے نتیجے میں ''انتہائی خطرناک اور دہلا دینے والی‘‘ ہے۔

ان دعوؤں کے جواب میں اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے تردید کی کہ شمالی غزہ کے اس ہسپتال کو فوجی حملوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ فوجی ترجمان نے کہا، ''میرے علم میں ایسے کوئی حملے نہیں جن میں کمال عدوان ہسپتال کو ہدف بنایا گیا ہو۔‘‘

اس سال 54 صحافی مارے گئے، ان میں سے ایک تہائی غزہ میں

خان یونس سے مغرب کی طرف مواصی کے علاقے میں تیئیس دسمبر کو ایک اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والی ایک تباہ شدہ بس جس کے ارد گرد مقامی فلسطینی جمع ہیں
خان یونس سے مغرب کی طرف مواصی کے علاقے میں تیئیس دسمبر کو ایک اسرائیلی حملے کا نشانہ بننے والی ایک تباہ شدہ بس جس کے ارد گرد مقامی فلسطینی جمع ہیںتصویر: Bashar Taleb/AFP

غزہ پٹی میں بدامنی اور منظم لوٹ مار

اقوام متحدہ کے ہنگامی بنیادوں پر امداد کے نئے کوآرڈینیٹر ٹام فلیچر نے پیر کے روز اپنے دورہ مشرق وسطیٰ کے دوران خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سے تباہ شدہ غزہ پٹی کو اب قابو سے باہر ہو چکی لاقانونیت اور بے تحاشا جرائم کا سامنا ہے۔

جنیوا سے آمدہ رپورٹوں کے مطابق ٹام فلیچر نے کہا، ''اب ہم وہاں یہ بھی دیکھ رہے ہیں کہ نظم و ضبط اور امن عامہ قطعی ناکام ہو چکے ہیں۔ ہماری طرف سے مہیا کی جانے والی ہنگامی امداد کو مسلح گروہ منظم انداز میں لوٹ رہے ہیں۔‘‘

غزہ سیزفائر مذاکرات، نیتن یاہو قاہرہ میں

اقوام متحدہ کے اس اعلیٰ امدادی عہدیدار نے مزید کہا کہ اب یہ بات تقریباﹰ ناممکن ہو چکی ہے کہ اس فلسطینی خطے کو فوری طور پر درکار ہنگامی امداد کا عشر عشیر بھی وہاں پہنچایا جا سکے۔

ٹام فلیچر کے الفاظ میں شمالی غزہ پٹی گزشتہ دو ماہ سے بھی زیادہ عرصے سے عملاﹰ محاصرہ شدہ ہے اور اقوام متحدہ کی طرف سے بار بار کہا جا چکا ہے کہ وہاں شدید بھوک اور قحط کا خطرہ ہے۔

جنوبی غزہ پٹی کے شہر خان یونس میں ایک ہسپتال کے مردہ خانے میں ایک فلسطینی وہاں رکھی گئی کئی افراد کی میتوں کے درمیان میں کھڑا ہے
جنوبی غزہ پٹی کے شہر خان یونس میں ایک ہسپتال کے مردہ خانے میں ایک فلسطینی وہاں رکھی گئی کئی افراد کی میتوں کے درمیان میں کھڑا ہےتصویر: Bashar Taleb/AFP

شمالی غزہ پٹی میں ڈھائی ماہ میں صرف بارہ امدادی ٹرک

امدادی تنظیم آکسفیم کی طرف سے پیر کے روز بتایا گیا کہ غزہ پٹی کے محاصرہ شدہ علاقے میں انسانی صورت حال خطرناک حد تک خراب ہے، جو آئے دن مزید ابتر ہوتی جا رہی ہے۔

اس تنظیم نے بتایا کہ شمالی غزہ پٹی میں اس سال اکتوبر کے اوائل سے لے کر اب تک کے تقریباﹰ ڈھائی مہینوں میں پینے کا پانی اور امدادی اشیائے خوراک لے کر صرف 12 ٹرک وہاں پہنچے ہیں۔

غزہ کی جنگ میں فلسطینی ہلاکتیں اب پینتالیس ہزار سے متجاوز

اس کے برعکس اسرائیلی حکام نے آکسفیم کے اس موقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل انسانی ہمدری کی بنیاد پر خود بھی جو کاوشیں کر رہا ہے، آکسفیم کے اعداد و شمار ان کو دانستہ نظر انداز کرتے ہوئے حقائق کی غلط تصویر کشی کر رہے ہیں۔

اسرائیلی وزارت دفاع کے فلسطینی شہری امور کے لیے رابطہ کار ادارے COGAT نے امدادی تنظیم آکسفیم کے دعوؤں کو رد کرتے ہوئے کہا، ''اکتوبر سے اب تک شمالی غزہ پٹی میں امدادی سامان لے کر جانے والے 2,100 سے زائد ٹرک داخل ہو چکے ہیں۔

م م / ر ب، ش ر (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے)

غزہ کے بچے، بقا کی جدوجہد میں