فٹ بال: کیا ربیری کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ ملنا چاہیے؟
29 اکتوبر 2013فیفا کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑیوں کی جو فہرست جاری کی گئی ہے اس میں جہاں ہسپانوی کلب ایف سی بارسلونا کے اسٹار فٹ بالر میسی اور جرمن کلب بائرن میونخ کے فرانک ربیری شامل ہیں وہیں اس میں ایک اور ہسپانوی کلب ریئل میڈرر کے لیے کھیلنے والے پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو، فرانسیسی کلب پی ایس جی میں شامل ابراہیمووچ اور برازیل کے نوجوان کھلاڑی نیئمر بھی ہیں۔ دنیا بھر کی قومی ٹیموں کے کوچ، فٹ بال پر نظر رکھنے والے صحافی اور قومی ٹیموں کے کپتان سال کے بہترین کھلاڑی کا فیصلہ اگلے برس تیرہ جنوری کو زیورخ میں براہ راست ووٹنگ کے ذریعے کریں گے۔
اس برس مقابلہ بہت سخت ہے۔ پچھلے چار برسوں سے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے لیونیل میسی یہ ایوارڈ لگاتار جیتتے آ رہے ہیں۔ تاہم اس برس ان کا یہ ایوارڈ جیتنا نسبتاً مشکل لگ رہا ہے۔ ماہرین اس کی وجہ فرانسینی کھلاڑی ربیری کو قرار دے رہے ہیں جو اس برس کا بہترین یورپی فٹ بالر کا ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔ میسی اس مقابلے میں دوسرے نمبر پر تھے۔
ربیری اور بائرن میونخ کی شاندار فارم
ربیری کے سال کے بہترین کھلاڑی کا انعام جیتنے کے لیے پسندیدہ قرار دیے جانے کی وجہ ان کی بائرن میونخ کلب کے لیے شاندار کارکردگی ہے۔ گزشتہ سیزن میں میونخ نے نہ صرف یہ کہ جرمن لیگ یا بنڈس لیگا جیتی تھی بلکہ اس نے یورپی چیمپئنز لیگ کی ٹرافی بھی اپنے نام کی تھی۔ ان فتوحات میں فرانک ربیری کی زبردست کارکردگی کا بڑا کردار تھا۔ ربیری اس سیزن میں بھی بھر پور فارم میں ہیں۔ فٹ بال پر نظر رکھنے والے مبصرین انہیں اس وقت دنیا کا اہم ترین کھلاڑی قرار دے رہے ہیں۔
انفرادی کارکردگی بمقابلہ ٹیم کی کارکردگی
تاہم میسی اور رونالڈو کو نظر اندار کیا جانا خاصا مشکل کام ہے۔ نہ صرف یہ کہ دونوں کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کے لیے درجنوں گول کرتے ہیں بلکہ وہ اکثر انفرادی طور پر ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔ ٹیم چاہے اچھا نہ کھیل رہی ہو، میسی اور رونالڈو میچ کا نتیجہ کسی بھی وقت اپنے حق میں موڑ سکتے ہیں۔
میسی مارچ کے مہینے سے انجریز کا شکار ہیں اور وہ اس سیزن میں بھی کئی میچ نہیں کھیل سکے۔ تاہم اس کے باوجود وہ ہسپانوی لیگ میں فی گیم ایک گول کی اوسط رکھتے ہیں۔ انہوں نے ارجنٹائن کے کپتان کی حیثیت سے ٹیم کو اگلے برس برازیل میں ہونے والے عالمی کپ مقابلے کے لیے کوالیفائی کروا دیا ہے۔ اس کے مقابلے میں ربیری فرانس کی قومی ٹیم کو اب تک کوالیفائی نہیں کرواسکے۔ رونالڈو کی پرتگال کی ٹیم کا بھی کچھ یہی حال ہے۔
شہرت کا ایوارڈ
یورپ کے بہترین فٹ بالر کے ایوارڈ کے مقابلے میں دنیا کے بہترین فٹ بالر کا ایوارڈ ایک لحاظ سے عالمی شہرت سے بھی تعلق رکھتا ہے۔ مبصرین کے مطابق دنیا کے اکثر ممالک میں میسی اور رونالڈو کو جو شہرت حاصل ہے وہ ربیری کو نہیں۔ مبصرین کا خیال ہے کہ جب افریقہ، ایشیا، لاطینی امریکا اور مشرق وسطیٰ سے تعلق رکھنے والے کوچ، صحافی اور کپتان اس بات کا فیصلہ کرتے ہیں کہ سال کا بہترین فٹ بالر کس کو ہونا چاہیے تو ان کے ذہن میں رونالڈو اور میسی ہی کے نام آتے ہیں۔ یہ صورت حال ربیری کے خلاف بھی جا سکتی ہے۔