1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ماحولایشیا

پیرس ماحولیاتی معاہدے کے اہداف ’شدید خطرے میں،‘ اقوام متحدہ

11 نومبر 2024

اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تنظیم کے مطابق 2015 سے 2024 تک کا عرصہ آج تک کا گرم ترین عشرہ ہوگا۔ تنظیم کی سربراہ کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال ’’ہمارے سیارے کے لیے ایک اور ہنگامی پیغام ہے۔‘‘

https://p.dw.com/p/4msjk
باکو میں جاری اقوام متحدہ کی سالانہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس
باکو میں جاری اقوام متحدہ کی سالانہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس تصویر: Alexander Nemenov/AFP

اقوام متحدہ  نے خبردار کیا ہے کہ پیرس کے ماحولیاتی معاہدے کے اہداف ''شدید خطرے میں ہیں‘‘ اور سال 2024 درجہ حرارت کے نئے ریکارڈ توڑنے کی راہ پر گامزن ہے۔ اس عالمی ادارے کی جانب سے یہ وارننگ آج 11 نومبر بروز پیر باکو میں اقوام متحدہ کی سالانہ ماحولیاتی کانفرنس29 COP کے آغاز پر سامنے آئی۔

اقوام متحدہ کی موسمیات سے متعلق ذیلی تنظیم ورلڈ میٹیورولوجیکل آرگنائزیشن (ڈبلیو ایم او) نے بین الاقوامی ڈیٹا کی چھ جلدوں پر مبنی ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2015 سے 2024 تک کا عرصہ بھی اب تک کا گرم ترین عشرہ ہوگا۔ ڈبلیو ایم او کی سربراہ سیلسٹے ساؤلو نے کہا کہ وہ 'ریڈ الرٹ‘ جاری کر رہی ہیں۔ باکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ے ہوئے انہوں نے کہا،  ''یہ ہمارے سیارے کے لیے ایک اور ہنگامی پیغام ہے۔‘‘

گرمی میں عالمی سطح پر اضافے کا رجحان گلیشیئرز کے سکڑنے اور سطح سمندر میں اضافے کو تیز کر رہا ہے
گرمی میں عالمی سطح پر اضافے کا رجحان گلیشیئرز کے سکڑنے اور سطح سمندر میں اضافے کو تیز کر رہا ہےتصویر: Sean Gallup/Getty Images

گرمی میں عالمی سطح پر اضافے کا رجحان گلیشیئرز کے سکڑنے اور سطح سمندر میں اضافے کو تیز کر رہا ہے، اور شدید نوعیت کے موسموں کو جنم دے رہا ہے، جن کی وجہ سے دنیا بھر کی کمیونٹیز اور معیشتیں تباہ ہو رہی ہیں۔

پیرس معاہدے کے اہداف شدید خطرے میں، ڈبلیو ایم او

موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق  پیرس معاہدے کے تحت کرہ ارض پر موجود تقریباً ہر قوم نے درجہ حرارت کو صنعتی ترقی سے قبل کی سطح کے درجہ حرارت سے دو ڈگری سینٹی گریڈاوپر اور ترجیحاً ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ سے کم تک محدود کرنے کے لیے کام کرنے کا عہد کر رکھا ہے۔

لیکن یورپی یونین کے موسمیاتی نگرانی کے ادارے کوپرنیکس نے پہلے ہی خبردار کر رکھا ہے کہ 2024 میں درجہ حرارت میں اضافہ ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جائے گا۔ یہ پیرس میں طے کردہ معاہدے کی فوری خلاف ورزی کے مترادف نہیں ہے، جو کئی دہائیوں کے دوران درجہ حرارت کی پیمائش کرتا ہے، لیکن یہ بتاتا ہے کہ دنیا ابھی تک اپنے اہداف سے بہت دور ہے۔

ڈبلیو ایم او، جو کہ ڈیٹا کے ایک وسیع سیٹ پر انحصار کرتی ہے، نے یہ بھی کہا ہے کہ 2024 میں درجہ حرارت میں اضافہ ممکنہ طور پر 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ کی حد سے بڑھ جائے گا، اور پچھلے سال کے ریکارڈ بھی توڑ دے گا۔

اقوام متحدہ کے سربراہ انٹونیو گوٹیرش نے ایک بیان میں کہا ہے، ''موسمیاتی تباہی صحت کو نقصان پہنچا رہی ہے، عدم مساوات کو بڑھا رہی ہے، پائیدار ترقی کو نقصان پہنچا رہی ہے اور امن کی بنیادوں کو ہلا رہی ہے۔ کمزور لوگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔‘‘

صنعتوں سے ضرر رساں گیسوں کے اخراج سے کمی کے دعووں کے باجود ابھی ان پر قابو نہیں پایا جا سکا
صنعتوں سے ضرر رساں گیسوں کے اخراج سے کمی کے دعووں کے باجود ابھی ان پر قابو نہیں پایا جا سکاتصویر: Getty Images/K. Frayer

ڈبلیو ایم او کی قائم کردہ بین الاقوامی ماہرین کی ایک ٹیم کی طرف سے تجزیے سے پتہ چلا ہے کہ 1850ء سے 1900ء تک کے عرصے کے مقابلے میں اس وقت طویل المدتی گلوبل وارمنگ تقریباً 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ سیلسٹے ساؤلو نے کہا، ''ہمیں جلد از جلد کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نے اصرار کیا کہ دنیا کو ''ڈیڑھ ڈگری (سینٹی گریڈ تک اضافے کی خواہش) سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے۔‘‘

ڈبلیو ایم او کی آج بروز پیر جاری کردہ رپورٹ میں متنبہ کیا گیا ہے کہ قدرتی ماحول میں ضرر رساں گرین ہاؤس گیسوں کے ارتکاز نے 2023ء میں نئی ​​بلندیوں کو چھوا اور اس سال اس میں مزید اضافہ ہوتا دکھائی دیتا ہے۔

ساؤلو نے اصرار کیا، ''گرمی میں اضافے کا ہر حصہ اہمیت رکھتا ہے اور آب و ہوا کی انتہاؤں، اثرات اور خطرات کو بڑھاتا ہے۔‘‘ درجہ حرارت تصویر کا صرف ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی تقریباً روزانہ کی بنیاد پر انتہائی موسم کی صورت میں ہماری آنکھوں کے سامنے آتی ہے۔

ساؤلو نے بتایا کہ کس طرح اس سال کیریکارڈ توڑ بارشوں اور سیلاب آنے کے واقعات اور انسانی جانوں کے خوفناک نقصان نے ہر براعظم پر بسنے والوں کو متاثر کیا۔ انہوں نے مزید کہا، ''اسپین میں بارش کی ناقابل یقین مقدار اس بارے میں ہماری آنکھیں کھولنے کے لیے تھی کہ گرم ماحول کتنا زیادہ پانی بہنے کا سبب بن سکتا ہے۔‘‘

انہوں نے متنبہ کیا کہ اس سال دنیا بھر میں انتہائی نوعیت کے تباہ کن موسمی واقعات کا سلسلہ ''بدقسمتی سے ہماری نئی حقیقت ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ''یہی واقعات ہمارے مستقبل کا پیش خیمہ بھی ہیں۔‘‘

ش ر ⁄ م م ( اے ایف پی، اے پی، روئٹرز)

کوپ 28 اور منافقت کا مسئلہ