چیمپئنز لیگ: شالکے کا میچ برابر، بائرن کی جیت
18 ستمبر 2014بدھ کی شام چیمپئنز لیگ کے گروپ راؤنڈز کے میچوں میں جرمن کلب شالکے کو انگلینڈ کے کلب چیلسی کا سامنا تھا اور بائرن کا میچ ایک اور انگلش کلب مانچیسٹر سِٹی سے تھا۔ بائرن کے دفاعی کھلاڑی ژروم بوٹنگ نے میچ کے مقررہ وقت کے آخری منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ اضافی وقت میں جرمنی کے تاریخ ساز کلب نے اپنے گول کا بھرپور دفاع کیا۔ یہ میچ چیمپئنز لیگ کے گروپ ای کا تھا۔ اِس میں میں بائرن نے خاصا جارحانہ کھیل پیش کیا لیکن مانچیسٹر سِٹی کا دفاع خاصا مضبوط تھا اور انگلش کلب کے گول کیپر نے کئی حملے روکے۔ یہ میچ بائرن کے ہوم گراؤنڈ میونخ میں کھیلا گیا۔
ایک اور جرمن کلب شالکے نے انگلینڈ کے مضبوط فٹ بال کلب چیلسی کے خلاف میچ برابری پر ختم کیا۔ دونوں ٹیموں نے ایک ایک گول کیا۔ شالکے کو یہ میچ کھیلنے کے لیے انگلینڈ جانا پڑا اور چیلسی کے ہوم گراؤنڈ میں اُس نے میچ برابر کیا۔ میچ سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ چیلسی یہ میچ جیت جائے گی کیونکہ گزشتہ برس اپنے ہوم گراؤنڈ اور شالکے کے ہوم گراؤنڈ پر چیلسی کو واضح فرق سے کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ چیلسی کی جانب سے میچ کے گیارہویں منٹ میں ہسپانوی کھلاڑی سیسِک فابریگاس نے گول کیا اور میچ کے دوسرے ہاف میں کلاس ژان ہُنٹرلار نے شالکے کے لیے گول کیا۔ یہ میچ گروپ جی کا تھا۔
بدھ کے روز چیمپئنز لیگ کے چار گروپوں ای، ایف، جی اور ایچ کے دو دو میچ کھیلے گئے۔ گروپ ای کے ایک میچ میں جرمن کلب بائرن کو ایک گول سے کامیابی حاصل ہوئی۔ دوسرا میچ اٹلی کے کلب روما اور ماسکو کلب کے درمیان تھا۔ اس میچ میں روما نے روسی کلب کو ایک گول کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔ اس میچ کے دوسرے ہاف میں روسی اور اطالوی تماشائیوں میں لڑائی کی وجہ سے میچ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑا۔ اِس گروپ میں چاروں ٹیموں نے ایک ایک میچ کھیلا ہے۔ پہلے مقام پر بہتر گول اوسط کی بنیاد پر اٹلی کا کلب روما ہے اور دوسرے پر جرمن کلب بائرن ہے۔ دونوں نے ایک ایک میچ جیت کر تین تین پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں۔
گروپ ایف میں ہالینڈ کے کلب اژاکس اور فرانسیسی کلب Paris Saint-Germain کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اسی گروپ کے ایک دوسرے میچ میں ہسپانوی کلب بارسلونا نے قبرص کے کلب اپول نکوسیا کو ایک گول سے ہرایا۔ گروپ ایف کی لیڈر بارسلونا ہے۔ گروپ جی میں شالکے اور چیلسی کا میچ برابر رہا۔ جبکہ سلووینیا کے کلب ماریبور اور پرتگال کے لزبن کے درمین میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہوا۔ گروپ جی کی تمام ٹیموں کا ایک ایک پوائنٹ ہے۔ گروپ ایچ میں ہسپانوی کلب بِلباؤ اور یوکرائنی کلب ڈونیٹسک کا میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوا اور پرتگال کے پورٹو کلب نے بیلاروس کے BATE کلب کو صفر کے مقابلے میں چھ گول سے ہرایا۔ گروپ ایچ میں پورٹو تین پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ کی ٹاپ ٹیم ہے۔