1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کرکٹ: بنگلہ دیش پاکستان کا دورہ کرنے پر آمادہ

16 اپریل 2012

اتوار کے روز بنگلہ دیش نے اس ماہ کے آخر میں پاکستان میں ایک پچاس اوورز کے میچ اور ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

https://p.dw.com/p/14eO8
تصویر: Reuters

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر مصطفیٰ کمال کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا: ’’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوش ہو رہی ہے کہ بنگلہ دیش انتیس اپریل کولاہور میں ایک ون ڈے اور تیس اپریل کو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔‘‘

پاکستان کی جانب سے بنگلہ دیش کو مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ گزشتہ ماہ بنگلہ دیش کی ایک ٹیم سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان آئی تھی۔ مارچ دو ہزار نو میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر ناکام دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ معطّل ہے۔ اب بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے اعلان کے بعد یہ تعطّل ختم ہو جائے گا۔

Cricket Finale Bangladesch Pakistan 2012
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی رضا مندی ایک اچھی پیش رفت ہےتصویر: Reuters

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی رضا مندی ایک اچھی پیش رفت ہے۔ ان کا کہنا تھا، ’’ظاہر ہے کہ یہ ہمارے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، اور ہم اس میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے کہ یہ دورہ مناسب طریقے سے ہو۔‘‘ خیال رہے کہ دنیا کی بیشتر ٹیموں کے لیے پاکستان ایک ’نو گو زون‘ بن چکا ہے۔ پاکستان میں سلامتی کی مخدوش صورت حال کے پیش نظر غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرنے سے ہچکچاتی ہیں۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کچھ عرصہ قبل اس وقت تلخی پیدا ہو گئی تھی جب بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستان کے دورے کے حوالے سے شش و پنج دکھایا گیا اور جواباً پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات پر نظر ثانی کی دھمکی دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’فیوچر ٹوئرز پروگرام‘ کے بقیہ میچوں کے مقام کا تعین دونوں کرکٹ بورڈز باہمی رضا مندی سے کریں گے۔ واضح رہے کہ اس پروگرام کے تحت بنگلہ دیش کو سن دو ہزار بارہ میں پاکستان کا مکمل دورہ کرنا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ اس اپنے عہدیداروں کو پاکستان بھیجنے کے لیے پاکستان کی جانب سے جامع سکیورٹی پلان درکار ہے۔

ss/ai (AFP)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید