یونس خان: 26 سنچریوں کا نیا ریکارڈ
25 اکتوبر 2014ہفتے کے روز چائے کے وقفے کے بعد جیسے ہی پاکستانی بلّے باز اور سابق کپتان یونس خان نے اپنی سنچری مکمل کی، کپتان مصباح الحق نے دو وکٹوں کے نقصان پر 286 رنز بنا کر پاکستان کی دوسری اننگز ڈیکلیئر کر دی۔ تب یونس خان کا اسکور ناٹ آؤٹ 103 رنز تھا، جس میں چھ چوکے اور دو چھکے بھی شامل تھے۔
پہلی اننگز میں بھی یونس خان نے 106 رنز بنائے تھے۔ اس طرح یونس خان نے، جنہوں نے گزشتہ اننگز میں سنچری بنا کر انضمام الحق کا پچیس سنچریوں کا ریکارڈ برابر کیا تھا، دوسری اننگز کی سنچری کے ساتھ ہی چھبیس یعنی سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ساتھ ہی وہ گزشتہ چالیس برسوں میں ایسے پہلے کھلاڑی بھی ہیں، جس نے آسٹریلیا کے خلاف کسی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ 1974ء میں یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے گلین ٹرنر کے حصے میں آیا تھا۔ یونس خان پہلے پاکستانی بلّے باز ہیں، جنہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دونوں اننگز میں سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اسی طرح وہ کسی ٹیسٹ میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے والے بھی ساتویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
اس دوسری اننگز میں اوپنر احمد شہزاد 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اپنے کیریئر کا چھٹا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے احمد شہزاد نے دَس چوکے اور چار چھکے لگائے۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی اظہر علی تھے، جنہوں نے تیس رنز بنائے۔
پاکستان نے اپنی دوسری اننگز ڈیکلیئر کرتے ہوئے آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے 438 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستانی اسپنرز نے یکے بعد دیگرے آسٹریلیا کے چار کھلاڑیوں کو پیولین لوٹ جانے پر مجبور کر دیا۔ ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ کے دو اوورز آسٹریلوی کھلاڑیوں کے لیے خاص طور پر تباہ کن ثابت ہوئے اور صرف پانچ رنز کے عوض چار کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ ذوالفقار بابر اور یاسر شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔
ہفتے کو کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر انسٹھ رنز اسکور کیے تھے۔ آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے مزید 379 رنز درکار ہیں جبکہ اُس کے پاس ابھی چھ وکٹیں باقی ہیں۔ اس طرح اب اس میچ میں پاکستان کی پوزیشن کافی مستحکم ہو چکی ہے اور وہ یہ میچ جیت بھی سکتا ہے۔
اپنی پہلی اننگز میں پاکستان نے 454 رنز بنائے تھے، جن کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم صرف 303 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ تیس اکتوبر سے ابو ظہبی میں شروع ہو گا۔